ہاکی تربیتی کیمپ کراچی منتقل کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد کی خراب آسٹرو ٹرف سے کئی کھلاڑی زخمی، فزیکل فٹنس تک محدود

نصیربندہ ہاکی اسٹیڈیم میں نصب شدہ آسٹروٹرف ، کھیلنے کے قابل نہیں ہے، پی ایچ ایف انتظامیہ۔ فوٹو: فائل

PESHAWAR:
اسلام آباد میں قومی ہاکی پلیئرز کے جاری تربیتی کیمپ کو 15 اگست سے کراچی منتقل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

وفاقی حکومت کی طرف سے اربوں روپے کا ڈیولپمنٹ فنڈ حاصل کرنیوالا ادارہ پاکستان اسپورٹس بورڈ قومی ہاکی پلیئرز کو سہولیات فراہم کرنے میں ناکام ہوگیا ہے جبکہ پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ہاکی اسٹیڈیم میں آسٹرو ٹرف خراب ہونے کی وجہ سے قومی ہاکی پلیئرز کا تربیتی کیمپ کراچی منتقل کرنیکا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔


ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ پی ایچ ایف کی انتظامیہ نے پی ایس بی سے کہا کہ نصیربندہ ہاکی اسٹیڈیم میں نصب شدہ آسٹروٹرف کھیلنے کے قابل نہیں ہے، ٹرف خراب ہونے سے کھلاڑی پریکٹس کے دوران زخمی ہورہے ہیں، اس لیے ٹرف کو فوری طور پر تبدیل کیا جائے، جس پر پی ایس بی کے حکام نے پی ایچ ایف کو تحریری طور پر آگاہ کیا کہ ٹرف کو ایک یا دو دن میں تبدیل نہیں کیا جاسکتا، اس کی تبدیلی کیلیے وقت درکار ہے۔

پی ایچ ایف کے جنرل سیکریٹری شہباز احمد سینئر نے ٹرف کے خراب ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پہلے فیز میں ہاکی کا تربیتی کیمپ اسلام آباد میں لگانے کا فیصلہ کیا گیا تھا مگر ٹرف خراب ہونے کی وجہ سے اب کیمپ کو میچ پریکٹس کی بجائے فزیکل فٹنس کی طرف منتقل کر دیا گیا ہے اور موجودہ قومی ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ 15 اگست کو اسلام آباد سے کراچی منتقل کر دیا جائیگا۔ فرحت حسن خان منیجر اور کمیپ کمانڈنٹ کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔
Load Next Story