انتظار کی گھڑیاں ختم ایم وی البیڈو کا پاکستانی عملہ وطن پہنچ گیا۔ گورنر وزیر اعلیٰ

کپتان جاویدسلیم سمیت ساتوں کادبئی سے کراچی پہنچنے پرشانداراستقبال


Staff Reporter August 03, 2012
کراچی :قزاقوں سے رہا ئی پانے والے ایم وی البیڈو کے عملے کے ارکان گورنر ہائوس میں اہل خانہ سے مل رہے ہیں، گورنر عشرت العباد و وزیر اعلیٰ قائم علی شاہ موجود ہیں ۔ فوٹو ایکسپریس

ISLAMABAD: صومالی قزاقوں کے ہاتھوں یرغمال بنائے گئے بحری جہاز ایم وی البیڈوکے پاکستانی عملے کے اہل خانہ کی انتظارکی گھڑیاں ختم ہوئیں، ساتوں پاکستانی کپتان جاویدسلیم،چیف آفیسر مجتبیٰ ، ذوالفقار علی ، احسن نوید ، فقیر محمد ، راحیل انور اور کاشف اسلام جمعرات وجمعے کی شب دبئی سے کراچی پہنچ گئے۔کراچی ایئر پورٹ پرگورنر سندھ عشرت العباد، وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ، ارکان اسمبلی اور ان کے اہلخانہ نے ان کا استقبال کیا۔جس کے بعد انھیں گورنر ہائوس لایا گیا۔

جہاں ان کا شاندار استقبال کیاگیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں،اس موقع پر انتہائی رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے،لوگ اپنے پیاروں کو دوسال بعد دیکھ کر ان سے لپٹ گئے اورگلے لگ کرروئے۔کپتان جاوید سلیم ، چیف آفیسر مجتبیٰ اور انجینئر ذوالفقار علی کی بیٹیاں اپنے والد سے لپٹ گئیں اور اس موقع پر ان کی آنکھیں اشکبار ہوگئیں، ان کا کہنا تھا کہ آج سے پہلے تک ان کی آنکھوں میں غم کے اور اپنے پیاروں کی جدائی کے آنسو تھے لیکن آج کے آنسو اپنے پیاروں کی واپسی پر ہونے والی خوشی کے آنسو ہیں ، چیف افسر مجتبیٰ کی 9 سالہ بیٹی بختاور نے کہا کہ گورنر عشرت انکل نے میرے پاپا کو واپس لانے کا اپنا وعدہ پورا کردیا جس پر میں ان کی انتہائی مشکور ہوں۔

رہائی پانے والے دیگر افراد کے اہل خانہ مشعال جاوید ، وقاص ، عبدالشکور کا کہنا تھا کہ وہ اپنے پیاروں کی واپسی کے لیے کی جانے والی انتھک محنت اورکوششوں پرصدر آصف علی زرداری ، متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین ، گورنر و وزیراعلیٰ سندھ، سی پی ایل سی کے چیف احمد چنائے اور رہائی کے لیے درکار رقم میں تعاون کرنے والے تمام افراد کے شکرگزار ہیں ،علاوہ ازیں گورنرہائوس میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے کہاکہ ''آپریشن صبح نو'' مکمل ہونے پر ہم اللہ تعالیٰ کے شکرگزار ہیں جس نے ہمیں سرخروکیا۔

آج کا دن پاکستانیوں کے لیے سر فخر سے بلند کرنے کا دن ہے ، اس آپریشن میں مدد کرنے اور ہر ممکن تعاون پر صدر مملکت آصف زرداری اور متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کے بھی ہم مشکور ہیں، گورنر کا کہنا تھا کہ رہائی کے لیے درکار رقم کا انتظام کرنے پر وہ ملک ریاض ،عارف حبیب ، عارف نقوی اور دیگر کے انتہائی مشکور ہیں، وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ آج کے دن کی خوشی الفاظ میں بیان نہیں کی جاسکتی ، رہائی پانے والے آج سے اپنی نئی زندگی کا آغاز کریں گے ،تقریب کے اختتام پر گورنر عشرت العباد اور وزیراعلیٰ قائم علی شاہ نے ساتوں افراد کو تحفے کے طور پر گلدستے اور سوونیئر بھی پیش کیے۔

قبل ازیں سی پی ایل سی کے چیف احمد چنائے نے اپنے خطاب میں کہا کہ ان معصوموں کے آنسو پونچھنے کا جو وعدہ کیا گیا تھا وہ پورا کردیا گیا ،جہاز کے کپتان جاوید سلیم اور ان کی اہلیہ نے بھی تقریب سے خطاب کیا جنھوں نے پاکستانی قوم سے بھرپور تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا جبکہ میڈیا کا بھی خصوصی طور پر ذکر کیا ، اس موقع پر بابر غوری ، فاروق ستار ، نسرین جلیل ، حسیب بیگ ، رضا ہارون ، خواجہ اظہار الحسن ، شرجیل میمن اور دیگر ارکان قومی و صوبائی اسمبلی بھی موجود تھے ۔

بحری جہاز ایم وی سوئز کے رہائی پانے والے کپتان کیپٹن وصی بھی اپنے اہل خانہ کے ہمراہ تقریب میں شریک تھے ، اس موقع پر انھوں نے بھی ایم وی البیڈو کے رہائی پانے والے عملے کے اہل خانہ کو مبارکباد پیش کی ، کیپٹن وصی کی ننھی صاحبزادی لیلیٰ نے اس موقع پر گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کو پھولوں کے گلدستے پیش کیے ، واضح رہے 26 نومبر 2010 کو صومالی قزاقوں نے کینیا جانے والے بحری جہاز ایم وی البیڈو کے عملے کو یرغمال بنالیا اور 80 ملین امریکی ڈالر تاوان طلب کیا۔

عملے کے 23 ارکان میں میں کپتان اور چیف آفیسر سمیت 7 پاکستانی جبکہ 6 سری لنکن ، 7 بنگلہ دیشی ، ایک ایرانی اور 2 بھارتی باشندے بھی عملے کے ارکان میں شامل تھے ، ایک بھارتی باشندہ دل کے عارضے میں مبتلا ہو کر جہان فانی سے کوچ کرگیا تھا،بعدازاں متاثرہ خاندانوں نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد سے اپنے پیاروں کی رہائی کی اپیل کی ، گورنر نے سی پی ایل سی کے چیف احمد چنائے کو قزاقوں سے مذاکرات کا حکم دیا جس کے بعد مذاکرات کے کئی ادوار کے بعد بالآخر عملے کے 7 پاکستانیوں کو قزاقوں کی قید سے رہا کرالیاگیا ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں