مسلم لیگ ن کا شاہد خاقان عباسی کو عارضی وزیراعظم بنانے کا فیصلہ

شاہد خاقان عباسی شہبازشریف کو رکن قومی اسمبلی منتخب کرانے تک وزیر اعظم ہوں گے، ذرائع


ویب ڈیسک July 29, 2017
نئے وزیراعظم کے نام کا حتمی فیصلہ مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی اجلاس میں کیا جائیگا۔ فوٹو: فائل

نواز شریف کی زیر صدارت مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کے مشاورتی اجلاس میں شہباز شریف کے رکن قومی اسمبلی منتخب ہونے تک شاہد خاقان عباسی کو عارضی طور پر وزیر اعظم بنانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق نواز شریف کی زیر صدارت پاکستان مسلم لیگ (ن) کا مشاورتی اجلاس ہوا، جس میں شہباز شریف کے رکن قومی اسمبلی منتخب ہونے تک عبوری مدت کے وزیراعظم کے لیے شاہد خاقان عباسی اور خواجہ آصف کا نام زیرغور کیا گیا۔ اجلاس میں شاہد خاقان عباسی کے نام پر حتمی طور پر اتفاق کرلیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے دوران شرکاء نے نواز شریف کی قیادت پر مکمل یکجہتی اور اعتماد کااظہار کیا، ان کا کہنا تھا کہ ہم نظریاتی کارکن ہیں اور نواز شریف کے اشارے پر اسمبلی رکنیت سے مستعفی ہونے کے لئے تیار ہیں لیکن ان کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے، ہمیں کسی عہدے کا لالچ نہیں، ہم پاکستان کے لئے کام کرنا چاہتے ہیں، ملک کی تعمیر و ترقی سے متعلق ان کا ایجنڈاجاری رکھیں گے۔

نواز شریف گزشتہ روز ہی شہباز شریف کو ملک کا آئندہ وزیر اعظم بنانے کا عندیہ دے چکے ہیں، شہبازشریف کو نوازشریف کی نااہلی سے خالی ہونے والی نشست این اے 120 سے الیکشن لڑوا کرمنتخب کرایا جائے گا جب کہ وزیراعلی پنجاب کے عہدے کی سپردگی کے حوالے سے بھی اجلاس میں غور کیا جائے گا ۔

عدالت سے سزا یافتہ کوئی شخص پارٹی عہدہ نہیں رکھ سکتا اس لیے نواز شریف وزارت عظمیٰ کے ساتھ پارٹی کی صدارت سے بھی فارغ ہوگئے ہیں، مسلم لیگ ن کی صدارت کے لئے جلد پارٹی کی جنرل کونسل کا اجلاس طلب کیا جائے گا۔ پارٹی کے جنرل کونسل اجلاس میں شہباز شریف کو نیا صدر نامزد کردیا جائے گا۔ شہبازشریف کی بطور پارٹی صدر تقرری کے بعد الیکشن کمیشن کو آگاہ کردیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں