10 جماعتیں حکمراں اتحاد کیخلاف مشترکہ امیدوار لائیں گی

سندھ کی سطح پر پیپلزپارٹی اور اسکے اتحادیوں کا بھرپور مقابلہ کیا جائیگا، امتیاز شیخ


Staff Reporter February 10, 2013
محمد حسین محنتی، خالد محمود، سلیم ضیا، اویس نورانی، شاہ محمد شاہ ودیگر کی پریس کانفرنس

ISLAMABAD: 10 سیاسی ومذہبی جماعتوں نے آئندہ انتخابات کے لیے اتحاد قائم کرتے ہوئے سندھ کی سطح پر پیپلزپارٹی اوراس کے اتحادیوں کے خلاف مشترکہ امیدوار لانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس کا اعلان ہفتے کو مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے رہنما سابق صوبائی وزیر جام مدد علی کی رہائش گاہ پر ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا گیا۔ پریس کانفرنس سے فنکشنل لیگ سندھ کے جنرل سیکریٹری امتیاز احمد شیخ، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سلیم ضیا، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما ڈاکٹر خالد محمودسومرو، جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی، نیشنل پیپلز پارٹی کے مسرور جتوئی، جمعیت علمائے پاکستان کے اویس نورانی، سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے شاہ محمد شاہ، سندھ ترقی پسند پارٹی کے حیدر شاہانی، عوامی تحریک کے سید عالم شاہ، پاکستان سنی تحریک کے شکیل قادری اوردیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔

9

امتیاز شیخ نے کہا کہ آج کے اجلاس میں شریک تمام جماعتوں نے فیصلہ کیا ہے کہ سندھ کی سطح پر پیپلزپارٹی اور اسکے اتحادیوں کا بھرپور مقابلہ کیا جائیگا اور قومی و صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر مشترکہ امیدوار کھڑے کیے جائیں گے ۔ انھوں نے آئندہ انتخابات کی تاریخ کے فوری اعلان، نگراں حکومتوں کی تشکیل اور موجودہ سیاسی گورنرزکو ہٹا کر غیرجانبدارگورنرز کی تقرری، کراچی میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق فوج کی نگرانی میں ووٹر لسٹوں کی تیاری اور نئی حلقہ بندیوں کا مطالبہ کیا۔ انھوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن نے بھرتیوں پر پابندی ختم کرکے اپنی پوزیشن کو مشکوک بنادیا ہے، الیکشن کمیشن اس بات کو یقینی بنائے کہ الیکشن فوج کی نگرانی میں کرائے جائیں۔

انھوں نے سندھ سول سرونٹس ترمیمی بل کی سندھ اسمبلی سے منظوری کو میرٹ کی خلاف ورزی قرار دیا۔ محمد حسین محنتی نے بتایا کہ اتحاد میں شامل تمام جماعتیں سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق کراچی میں ووٹر لسٹیں تیار نہ کرنے کے خلاف اتوار کو نورانی چورنگی (نمائش) سے تبت سینٹر تک عوامی مارچ کریں گی۔ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے ڈاکٹر خالد محمود نے کہا کہ اتحاد میں شامل جماعتیں پیر صاحب پگارا کی قیادت میں سندھ کے عوام کے مسائل کے حل کیلیے اکٹھی ہوئی ہیں، ہمیں یقین ہے کہ سندھ کے عوام سندھ کی تقسیم کا خواب دیکھنے والی جماعتوں کو شکست سے دوچار کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں