پاکستان کو دوبارہ کرپشن میں جکڑنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے عمران خان

سپریم کورٹ کا فیصلہ تاریخی اور ہر پہلو سے قابل ستائش و اطمینان ہے، عمران خان


ویب ڈیسک July 29, 2017
کرپشن کیخلاف صبر آزما جدوجہد کو اہم کامیابی میسر آئی ہے، عمران خان فوٹو: فائل

HYDERABAD: پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کو دوبارہ کرپشن کے شکنجے میں جکڑنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

بنی گالہ میں عمران خان کی زیر صدارت قومی اسمبلی و سینٹ میں پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹیوں کا مشترکہ اجلاس ہوا۔ جس میں قومی سیاسی منظرنامے کے مختلف پہلوؤں اور آئندہ کے امکانات کا مفصل جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے دوران حزب اختلاف کی دیگر جماعتوں کے پاناما فیصلے پر مؤقف کے جائزے کی روشنی میں مختلف سیاسی آپشنز اور مسلم لیگ (ن) کی سیاسی و پارلیمانی حکمت عملی کے جوابی لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔ اس کے علاوہ پارلیمان کے آئندہ اجلاس اور وزیراعظم کے ممکنہ انتخاب کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے ثمرات ضائع کرنے کی کوششوں کی بھرپور مزاحمت کی جائے گی۔

تحریک انصاف کے ارکان پارلیمنٹ کے اجلاس کے دوران عمران خان نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ تاریخی اور ہر پہلو سے قابل ستائش و اطمینان ہے، اس سے کرپشن کے خلاف صبر آزما جدوجہد کو اہم کامیابی میسر آئی ہے، کرپشن کے خلاف جدوجہد میں کسی بھی سطح اور نوعیت میں حصہ ڈالنے والوں کا کردار تاریخ میں زندہ و جاوید رہے گا، ہم پاکستان کو آگے بڑھانے اور نظام کی تطہیر آگے بڑھانے کے لئے پوری طرح تیار ہیں، بدلتے پاکستان کو دوبارہ کرپشن کے شکنجے میں جکڑنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے، قوم کو ساتھ ملا کر پاکستان کی تعمیر کا ایجنڈا آگے بڑھائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔