عمران خان نے وزیراعظم کے لئے شیخ رشید کا نام پیش کر دیا

شہباز شریف کو وزیراعظم نامزد کرکے قوم کے وقار کو مجروح اور جمہوریت کا مذاق اڑایا جارہا ہے، چیرمین تحریک انصاف


ویب ڈیسک July 29, 2017
شہباز شریف کو وزیراعظم کیلئے نامزد کر کے نواز شریف جمہوریت کو مذاق بنا رہے ہیں، عمران خان۔ فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کے مقابلے میں اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار کے طورپر شیخ رشید کا نام دیدیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے وزیراعظم کے لیے اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار کے طور پر عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا نام پیش کر دیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق عمران خان کا کہنا ہے کہ ہماری کوشش ہے کہ وزیراعظم کیلیے اپوزیشن کا مشترکہ امیدوار سامنے لایا جائے۔

دوسری جانب اپوزیشن کا مشترکہ امیدوار سامنے لانے کے لئے تحریک انصاف کے وائس چیرمین شاہ محمود قریشی نے سیاسی جماعتوں سے رابطے بھی شروع کر دیئے ہیں۔

عمران خان نے سوشل میڈیا پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ کل جب تاریخی جلسے میں عوام اللہ کا شکر ادا کرے گی تو نواز شریف کو اندازہ ہو گا کہ قوم سیاسی طور پر باشعور ہو چکی ہے اور ان کے جھوٹ سے بے وقوف بننے والی نہیں۔



انہوں نے کہا کہ نواز شریف صرف اپنے کرپٹ ساتھیوں پر اعتبار کر سکتے ہیں جیسے کہ شاہد خاقان عباسی جو کہ دو ارب روپے کے ایل این جی اسکینڈل میں ملوث ہیں۔



عمران خان نے مزید کہا کہ نواز شریف اپنے بھائی شہباز شریف کو وزیراعظم نامزد کر کے قوم کے وقار کو مجروح کر رہے ہیں اور جمہوریت کا مذاق اڑا رہے ہیں جب کہ سپریم کورٹ شہباز شریف کے خلاف نیب میں ریفرنس دائر کرنے کا کہہ چکی ہے۔



چیرمین تحریک انصاف نے کہا کہ بہت ہی شرم کی بات ہے کہ نواز شریف خود کو مظلوم بنا کر پیش کر رہے ہیں جب کہ عدالت جھوٹ بولنے، جھوٹی گواہی دینے اور جلعسازی پر ان کے خلاف ریفرنس نیب میں بھیجنے کا فیصلہ سنا چکی ہے۔



واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) عارضی وزیراعظم کے لئے شاہد خاقان عباسی اور پھر مستقل وزیراعظم کے لئے شہباز شریف کے ناموں کا اعلان کر چکی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔