پی سی بی ملازمین کا بونس گورننگ بورڈ کو کھٹکنے لگا

شکیل شیخ کو کوئی عہدہ سونپنے کی تجویز، نجم سیٹھی کا واضح جواب دینے سے گریز

اجلاس میں اعتراض کے باوجود منظور، اکرم رضا کا معاملہ ایجنڈے میں رکھنے پر احتجاج۔ فوٹو: فائل

چیمپئنز ٹرافی جیتنے پر پی سی بی ملازمین کو ملنے والا بونس گورننگ بورڈ کو بھی کھٹکنے لگا۔

جمعے کے روز لاہور میں منعقدہ پی سی بی گورننگ بورڈ میٹنگ کی ''اندرونی کہانیاں '' سامنے آ گئی ہیں، ذرائع نے بتایا کہ چیمپئنز ٹرافی جیتنے پر بورڈ ملازمین کیلیے بونس پر ایک رکن نے اعتراض کیا، ان کا کہنا تھا کہ یہ لوگ کون سا میدان بھی اترے تھے کہ بونس دیا جائے، اس پر انھیں جواب دیا گیا کہ ملکی تاریخ میں تیسری بار قومی ٹیم نے کوئی آئی سی سی ٹائٹل جیتا لہذا انعام تو بنتا ہی ہے، ڈومیسٹک کرکٹ میں ڈرافٹ سسٹم لانے کی تجویزپر شکیل شیخ کی اعجاز فاروقی سے خاصی گرما گرمی ہوئی۔

اعلیٰ حکام کی آنکھ کا تارا بنے ہوئے اسلام آباد کے آفیشل کا یہ آخری گورننگ بورڈ اجلاس تھا، ڈومیسٹک کرکٹ میں حالیہ تبدیلیاں بھی انھوں نے ہی کی ہیں، اس موقع پر ایک رکن نے تجویز پیش کی کہ کرکٹ کیلیے ''خدمات'' پر شکیل شیخ کو کوئی ذمہ داری سونپی جائے، مگر نجم سیٹھی نے واضح جواب دینے سے گریز کیا۔


ایجنڈے میں امپائر اکرم رضا کی پابندی ختم کرنے کا معاملہ رکھنے پر بعض ارکان نے سخت احتجاج کیا، ان کا کہنا تھا کہ پی سی بی ایسے کیسز پر خود کیوں فیصلہ نہیں کرتا، ہمارے کندھے پر بندوق رکھ کر کیوں چلائی جاتی ہے، اس پر انھیں یاد دلایا گیا کہ جوئے کے الزام میں چند برس قبل گرفتار ہونے والے امپائر پر پابندی گورننگ بورڈ نے ہی لگائی تھی، اتفاق نہ ہونے پر اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

واضح رہے کہ اجلاس کے شروع ہونے کے کچھ دیر بعد پاناما کیس کا فیصلہ سنایا جانے لگا، ارکان اس موقع پر کارروائی روک کر ٹی وی دیکھنے میں مصروف ہو گئے تاکہ تازہ صورتحال سے آگاہی مل سکے۔

 
Load Next Story