افغانستان سے امریکی افواج کے مکمل انخلاء کا کوئی امکان نہیںجنرل جان ایلن

یہ واضح نہیں کہ 2014 میں نیٹو افواج کے انخلاء کے بعد کتنی امریکی فوج افغانستان میں رہے گی، جنرل ایلن۔

نیٹو کو افغان افواج کی مدد کے لیے تیار رہنا ہو گا، جنرل ایلن۔ فوٹو : فائل

افغانستان میں نیٹو افواج کے سبکدوش ہونے والے کمانڈر جنرل جان ایلن کا کہنا ہے کہ مستقبل میں افغانستان سے امریکی افواج کے مکمل انخلاء کا کوئی امکان نہیں ہے۔

بی بی سی کو انٹرویو میں جنرل جان ایلن کا کہنا تھا کہ ان کی سربراہی میں افغان افواج اور پولیس کو ملک بھر میں سیکیورٹی کے انتظامات کی سپردگی کا عمل تیز ہوا لیکن کسی بھی جگہ بغاوتوں کے خاتمے کیلئے وقت درکار ہوتا ہے اور اس کی سرکوبی کیلئے وقت کا تعین بہت مشکل ہوتا ہے اس لئے افغانستان میں امریکی فوجیوں کے مکمل انخلا کا امکان بالکل کم ہے، یہ بھی واضح نہیں کہ 2014 میں نیٹو افواج کےانخلاء کے بعد افغانستان میں کتنی امریکی فوج رہے گی۔


جنرل ایلن نے مزید کہا کہ افغانستان میں حالات کو بہتر بنانے کیلئے کافی اقدامات کئے ہیں اور اس سلسلے میں نیٹو اور امریکا کامیابی کی راہ پر گامزن ہیں تاہم اب بھی نیٹو کو صبر سے کام لینا ہو گا اور افغان افواج کی مدد کے لیے تیار رہنا ہو گا۔

واضح رہے کہ جنرل جان ایلن نے افغانستان میں ایساف فورسز کے کمانڈر کی حیثیت سے 19 ماہ خدمات سرانجام دینے کے بعد امریکی میرین کور کے جنرل جوزف ڈنفورڈ کو ایساف فورسز کی سربراہی سونپ دی ہے۔
Load Next Story