ملک کے حالات ایسے نہیں کہ انتخابات ملتوی ہوسکیںپیر پگارا

تمام اپوزیشن رائیونڈ میں ایک ساتھ بیٹھی جس سے 50 فی صد یقین ہوا کہ ملک انتخابات کی جانب جارہا ہے، پیر پگارا


ویب ڈیسک February 10, 2013
سندھ میں خاکروب کی نوکری بھی برائے فروخت ہے۔ پیر پگارا۔ فوٹو: ایکسپرس/فائل

مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیر پگارا کا کہنا ہے کہ ملک کے حالات ایسے نہیں کہ انتخابات ملتوی کئے جاسکیں۔


کراچی میں سابق وفاقی وزیر محمد علی درانی کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ ملک میں امن و امان کی مجموعی صورت حال کو دیکھتے ہوئے کہا جاتا ہے کہ انتخابات کے التوا کی سازش کی جارہی ہے لیکن تمام اپوزیشن رائیونڈ میں ایک ساتھ بیٹھی جس سے انہیں 50 فی صد یقین ہوا کہ ملک انتخابات کی جانب جارہا ہے، مسلم لیگ فنکشنل انتخابات کی تیاری کررہی ہے الیکشن ہونا یا نہ ہونا الگ بات ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عبوری وزیر اعظم کیلئے چند نام سامنے آئے ہیں لیکن اب تک اس حوالے سے اپوزیشن اور حکومت کے درمیان مشاورت نہیں ہوئی۔


پیر صبغت اللہ راشدی کا کہنا تھا کہ سندھ میں صورت حال انتہائی خراب ہے کرپشن کا یہ حال ہے کہ خاکروب کی نوکری بھی برائے فروخت ہے لیکن پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے حیدرآباد میں جلسے کے دوران کرپشن کے خلاف بات کرنے کے بجائے مخالفین کو برا بھلا کہا۔


مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ نے مزید کہا کہ حیدر آباد کے جلسے کے بعد انہوں نے رفتار میں کمی کی تاہم وہ اپنے منشور سے ہٹے نہیں۔ پنجاب میں بھی بہت سے لوگ فنکشنل لیگ میں شمولیت کیلئے رابطے کررہے ہیں۔ ان کی کوشش ہے کہ وہ تمام جماعتیں جو حکومت کے ساتھ نہیں ان سے رابطے کئے جائیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں