پاک ایران سرحد کے قریب بارودی سرنگ دھماکا

بلوچستان کے ضلع پنجگور میں ایک گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں چار افراد لقمہ اجل بن گئے


Editorial July 31, 2017
بلوچستان کے ضلع پنجگور میں ایک گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں چار افراد لقمہ اجل بن گئے . فوٹو: فائل

بلوچستان کے ضلع پنجگور میں ایک گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں چار افراد لقمہ اجل بن گئے۔ جس جگہ بارودی دھماکا ہوا ہے، وہ پاک ایران سرحد کے نزدیک ہے۔ اخباری اطلاعات کے مطابق بارودی سرنگ سے ٹکرانے والی گاڑی میں چرواہوں کا ایک گروپ اپنے جانوروں کے ساتھ سرحدی علاقے سے گزر رہا تھا کہ اچانک ان کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی۔ اس حادثے کی تحقیقات ہونی چاہیے کہ اس علاقے میں بارودی سرنگ بچھانے کا ذمے دار کون ہے؟

ممکن ہے کہ یہ بارودی سرنگ بلوچستان میں موجود کسی تخریب کار یا دہشت گرد گروپ نے بچھائی ہو۔ ایسی اطلاعات بھی ہیں کہ جن میں کہا گیا ہے کہ شاید یہ بارودی سرنگ ایرانی حکام نے اس بنا پر نصب کی ہو تاکہ کوئی غیر قانونی طور پر سرحد عبور نہ کر سکے۔ بہرحال پاکستان کے لیے یہ صورتحال نہایت تشویشناک ہے۔جہاں تک ایران کی جانب سے سرنگ بچھانے کا تعلق ہے تو اسے تسلیم کرنا خاصا مشکل کام ہے کیونکہ پاکستان کے علاقے میں اس قسم کی باروی سرنگ کیسے بچھائی جا سکتی ہے۔

زیادہ امکان یہی ہے کہ یہ کام کسی دہشت گرد اور تخریب کار گروپ کا ہے۔ پاکستان کی مغربی سرحدوں پر افغانستان اور قبائلی علاقے سیکیورٹی فورسز کے لیے مسائل بنے ہوئے ہیں،یہاں دہشت گردوں کے خلاف مسلسل آپریشن ہو رہا ہے، بلوچستان میں بھی تخریب کاروں اور دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز آپریشن میں مصروف ہیں لیکن بلوچستان میں دہشت گردوں اور تخریب کاروں کے گروہ موجود ہیں ان کا صفایا کرنا انتہائی اہم ہے۔

پاکستان کی مشرقی سرحد پر پہلے ہی ازلی دشمن بھارت موجود ہے جو بلا اشتعال کنٹرول لائن پر گولا باری کرتے ہوئے کنٹرول لائن کے قرب و جوار میں آباد ہمارے نہتے شہریوں کو شہید کرتا رہتا ہے جس پر اکثر و بیشتر بھارتی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ میں طلب کر کے باقاعدہ احتجاج ریکارڈ کرایا جاتا ہے۔ پاکستان کے شمال مغربی سرحدی علاقوں میں شورش اور دہشتگردی کے واقعات میں جہاں سیکیورٹی فورسز نشانہ بن رہی ہیں وہاں عام لوگ بھی مارے جا رہے ہیں۔

پنجگور میں جو لوگ بارودی سرنگ کے دھماکے میں مارے گئے، وہ چرواہے تھے۔ ان کا کسی قسم کا کوئی سیاسی پس منظر بھی نہیں تھا۔ بے گناہوں کا یوں ایک حادثے میں مارے جانا انتہائی دکھ اور افسوس کی بات ہے۔ ان حالات میں ضروری یہ ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کو پاک ایران سرحدی علاقوں میں سرچ آپریشن کرنا چاہیے اور بارودی سرنگوں کے خاتمے کے لیے اقدامات کرنے چاہئیں۔ اس کے علاوہ پاکستان اور ایران کی سیکیورٹی فورسز کو بھی ایک دوسرے کے ساتھ معلومات کا تبادلہ کرنا چاہیے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں