سونے کے ذخائر پر قبضے کیلئے چین اور امریکا میں سخت مقابلہ

ژینگ جائیک ٹیبل ٹینس کی دنیا کے بادشاہ بن گئے،پیٹرولسن نے برطانیہ کو12برس میں پہلا شوٹنگ طلائی تمغہ جتوایا

لارڈز کرکٹ گرائونڈ پر ویمنز انفرادی تیراندازی مقابلوں میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی میکسیکو کی میرینا ایویٹیا برانز میڈل اور گلدستہ تھامے مسکرا رہی ہیں (فوٹو ایکسپریس)

KARACHI:
لندن اولمپکس میں سونے کے ذخائر پر قبضے کیلیے چین اور امریکا میں سخت مقابلہ جاری ہے، جمعرات کو آخری اطلاعات موصول ہونے تک دونوں بالترتیب 18 اور 15 گولڈ میڈلز جیت چکے تھے۔ دوسری جانب چین کے ژینگ جائیک ٹیبل ٹینس کی دنیا کے بادشاہ بن گئے۔

انفرادی مینز فائنل میں انھوں نے ہموطن وانگ ہائو کو زیر کرکے نئی تاریخ رقم کردی، انھیں یکے بعد دیگرے ورلڈ چیمپئن شپ اور اولمپک ٹائٹلز جیتنے والے پہلے مرد کھلاڑی کا اعزاز حاصل ہوگیا۔ جنوبی افریقہ نے لائٹ ویٹ مینز فور روئنگ مقابلے میں اپ سیٹ کرتے ہوئے برطانیہ اور ڈنمارک کو حیران کردیا۔

مینز ڈبل ٹریک میں ورلڈ ریکارڈ ہولڈر پیٹر ولسن نے برطانیہ کو12 برس میں پہلا شوٹنگ طلائی تمغہ جتوایا۔ مینز 100 کے جی جوڈو میں ٹائیگر کی فتح پر بلیک بیلٹ ہولڈر روسی صدر ولادیمیر پیوٹن خوشی سے جھوم اٹھے، ویمنز انفرادی تیراندازی کا ٹائٹل جنوبی کوریا کی کائی بو بائی کے نام رہا، اولمپکس میں تین ممالک کی نمائندگی کا اعزاز رکھنے والی میرینا نے برانز میڈل جیتا۔ تفصیلات کے مطابق لندن اولمپکس میں چین اور امریکا کے درمیان گولڈ میڈلز کیلیے سخت مقابلہ جاری ہے۔

جمعرات کو آخری اطلاعات ملنے تک دونوں بالترتیب 18 اور 15 طلائی تمغے اپنے نام کر چکے تھے،چین کے ژینگ جائیک نے مینز سنگلز ٹیبل ٹینس میں اپنے ہموطن وانگ ہائو کو 4-1 سے زیر کرکے نئی تاریخ رقم کی، وہ یکے بعد دیگرے ورلڈ چیمپئن شپ اور اولمپک ٹائٹلز جیتنے والے پہلے مرد کھلاڑی بن گئے۔

2004 اور 2008 کے گیمز میں بھی سلور میڈل حاصل کرنے والے سیکنڈ سیڈ وانگ نے 3-0 کے خسارے میں جانے کے بعد کم بیک کرنے کیلیے زور لگایا مگر ژینگ نے انھیں اس کوشش میں کامیاب نہیں ہونے دیا، کامیابی کے بعد ژینگ خوشی سے چھلانگیں مارتے ہوئے خالی وکٹری اسٹینڈ کی جانب دوڑے اور اس کے ٹاپ کو چوم لیا

جہاں تھوڑی دیر بعد ان کو گولڈ میڈل ملنے والا تھا۔ انھوں نے گذشتہ برس ورلڈ کپ اور ورلڈ چیمپئن شپ ٹائٹلز بالترتیب پیرس اور روٹرڈیم میں حاصل کیے تھے۔ جنوبی افریقہ نے لائٹ ویٹ مینز فور روئنگ مقابلے میں اپ سیٹ کرتے ہوئے اس کھیل میں پہلا گولڈ میڈل اپنے نام کیا، فاتح ٹیم نے برطانیہ اور ڈنمارک کو پیچھے چھوڑ کر شائقین کو بھی حیران کردیا۔


بدھ کو خواتین پیئر میں گولڈ میڈل کے بعد میزبان ٹیم کو فیورٹ قرار دیا جانے لگا جبکہ ڈنمارک اس ایونٹ میں دفاعی چیمپئن تھا، مگر جنوبی افریقہ کے جیمز تھامپسن، میتھیو بریٹین، جان اسمتھ اور سزوے نڈلوو نے میدان مارلیا۔ امریکا نے ویمنز 8 روئنگ ایونٹ میں اپنے ٹائٹل کا کامیابی سے دفاع کیا۔

خواتین کشتی رانوں نے چار برس قبل بیجنگ میں بھی سونے کا تمغہ اپنے گلے کی زینت بنایا تھا، کینیڈا نے سلور اور نیدر لینڈز نے برانز میڈل پر اپنا حق جتایا۔ مینز ڈبل ٹریک شوٹنگ میں ورلڈ ریکارڈ ہولڈر پیٹر ولسن نے گولڈ میڈل اپنے نام کیا، یہ برطانیہ کا گذشتہ 12 برس میں شوٹنگ میں پہلا طلائی تمغہ ہے۔

سوئیڈن کے یاکان ڈہالبے نے سلور اور روس کے ویسلے موسن نے برانز میڈل حاصل کیا۔ مینز 100 کے جی جوڈو میں روس کے ٹائیگر خیبولیف نے منگولیا کے دفاعی چیمپئن ٹووشنبائیر نیڈان کو پچھاڑ کر سونے کے تمغے پر قبضہ کیا، کرائوڈ میں روس کے صدر جوڈو بلیک بیلٹ ولادیمیر پیوٹن بھی موجود تھے۔

انھوں نے ٹائیگر کی فتح پر دونوں ہاتھ فضا میں بلند کرکے خوشی کا اظہار کیا، یہ روس کا جوڈو میں تیسرا سونے کا تمغہ ہے۔ نیدرلینڈ کے ہینک گرول اور جرمن ڈیمرٹی پیٹرز کے حصے میں برانز میڈل آئے۔ ویمنز 78 کے جی جوڈو میں امریکا کی کیالا ہیریسن نے برطانیہ کی جیماگبسن کو چت کرکے گولڈ میڈل حاصل کرلیا، یہ امریکا کا جوڈو میں پہلا طلائی تمغہ ہے، ماضی میں اپنے کوچ کے ہاتھوں جنسی استحصال کا شکار اور خودکشی کی کوشش کرنے والی کیالا نے اپنے اندر بھرا ساراغصہ گبسن پر نکالا۔

وہ ذاتی صدمے سے نکلنے کے بعد اب دنیا کی بہترین فائٹرز میں سے ایک اور اولمپکس مقابلے میں4 سیڈ تھیں۔ ویمنز انفرادی تیراندازی کے مقابلے میں جنوبی کوریا کی کائی بو بائی نے گولڈ میڈل جیتا، انھوں نے لارڈز میں ہونے والے مقابلے میں میکسیکو کی ایڈا رومن کو مات دی، ایک اور میکسیکن تیرانداز میرینا اویٹیا نے برانز میڈل اپنے نام کیا۔یہ میرینا کا مسلسل پانچواں اولمپکس ہے اور وہ تین ممالک کی نمائندگی کرچکی ہیں، بارسلونا 1992 میں وہ سوویت یونین کے خاتمے کے بعد سوویت ریاستوں کی مشترکہ ٹیم میں شامل تھیں، پھر اٹلانٹا 1996 اور سڈنی 2000 میں انھوں نے جارجیا کی نمائندگی کی۔

چار برس قبل کے بیجنگ اولمپکس میں وہ امریکی شہری بن چکی تھیں۔ ویمنز انفرادی تیراندازی میں جنوبی کوریا نے بیجنگ میں کھویا ہوا اپنا گولڈ میڈل واپس حاصل کیا،کائی بوبائی اس سے قبل ویمنز ٹیم ایونٹ میں بھی جنوبی کوریا کی گولڈ میڈلسٹ ٹیم کا حصہ تھیں۔ کینوو سلیلوم سی 2 میں برطانیہ نے گولڈ اور سلور میڈل جیتا، سلوواکیہ کی ٹیم نے برانز میڈل پایا۔ ویمنز انفرادی جمناسٹکس میں امریکا کی جیبریلا ڈگلس نے گولڈ میڈل اپنے نام کیا، روس کی وکٹوریہ نے سلور میڈل جیتا۔
Load Next Story