ڈرامہ میری اولین ترجیح فلموں میں کام کرنے کی کوئی جلدی نہیں ہے ایمن خان

فلم انڈسٹری اپنی تمام تر کوششوں کے باوجود مستحکم ہونے میں کامیاب نہیں ہورہی، اداکارہ

ٹی وی ڈرامے معاشرے میں سب سے زیادہ آگاہی پھیلا رہے ہیں، ایمن۔ فوٹو: نیٹ

اداکارہ ایمن خان نے کہا ہے کہ کئی اسکرپٹ آفر ہوئی ہیں لیکن مجھے فلم میں کام کرنے کی کوئی جلدی نہیں ہے، جب وقت آئے گا تو دیکھا جائے گا۔

ایمن خان ایکسپریس سے اپنے نئے ڈرامہ ''ہری ہری چوڑیاں'' کی تعارفی تقریب میں خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میں لوگوں کی پروا بلکل نہیں کرتی، جو کرتی ہوں اپنی ذات کے لیے کرتی ہوں کیونکہ جب آپ اسٹار بنتے ہیں تو آپ کو جہاں بہت پیار ملتا ہے وہیں چند لوگ بلا وجہ تنقید اور حسد کرنا شروع کردیتے ہیں، میں ان چیزوں میں نہیں پڑتی بلکہ اپنے کام اور ذاتی زندگی پر دھیان دیتی ہوں۔


اداکارہ نے بتایا کہ وہ نئی ڈرامہ سیریل ''ہری ہری چوڑیاں '' میں اداکاری کرتی نظر آئیں گی، ڈرامہ میں محبت اور نفرت کے گرد رونما ہونے والے تلخ معاشرتی رویوں کی حقیقی انداز میں عکاسی کی گئی ہے۔ اس ڈرامہ کے ہدایت کار سید عاطف حسین، ایگزیکٹو پروڈیوسر محمد ذیشان خان اور مصنف جہانگیر قمر ہیں۔ڈرامہ کی دیگر کاسٹ میں وہاج علی، حسن احمد، ساجد حسن، شگفتہ اعجاز، نطاشہ علی، جویریہ عباسی، محمود اسلم، فاریہ شیخ، اسد صدیقی، شرمین طیب، نازلی نصر، ماریہ خان، خالد بٹ، نوشابہ بشیر، سباحت علی بخاری، ہادی فردوسی، علی دیس والی، فوزیہ مشتاق، قیصر نقوی اور رابعہ تبسم شامل ہیں جبکہ ڈرامہ کا مرکزی معروف گلوکار راحت فتح علی نے گایا ہے اورموسیقی وقار علی نے ترتیب دی ہے جبکہ شاعر ایوب خاور ہیں۔

ایمن نے کہا کہ پاکستانی ڈراموں نے معاشرے میں جتنا شعور و آگاہی پھیلائی شاید ہی کسی اور ذریعہ سے ہوئی ہو، پاکستانی آڈینس انتہائی سمجھدار ہے اور وہ حقیقت سے قریب تر موضوعات کو ہی دیکھنا چاہتی ہے، اسی لیے ڈرامہ ہمیشہ میری اولین ترجیح رہے گا۔
Load Next Story