عمران خان نے راولپنڈی کے خواجہ سرا کو وزیراعظم کیلئے نامزد کیا راجا فاروق

شیخ رشید کے خلاف راولپنڈی میں انتخابی جنگ لڑوں گا،وزیراعظم آزاد کشمیر


ویب ڈیسک July 31, 2017
اپنی اور کشمیریوں کی توہین ہرگز برداشت نہیں کروں گا،راجہ فاروق حیدر فوٹو: فائل

ISLAMABAD: آزاد کشمیر کے وزیر اعظم راجا فاروق حیدر کا کہنا ہے کہ شیخ رشید راولپنڈی کے خواجہ سرا ہیں اور تحریک انصاف نے وزارت عظمیٰ کے لیے خواجہ سرا کو نامزد کیا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے راجا فاروق حیدر نے کہا کہ پاکستان میرا ملک ہے، میری پاکستان سے محبت پر شک نہیں کیا جاسکتا، میں قائداعظم کے پاکستان کا حامی ہوں، سارے کشمیر کو پاکستان اور سارے پاکستان کو کشمیر سمجھتا ہوں میں نے اپنے بیان کی وضاحت کردی ہے، میری بات کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا، اب بھی کہتا ہوں کہ عمران خان کے پاکستان کو نہیں مانتا کیا، میں عمران خان کے پاکستان کا حصہ نہیں بن سکتا۔

اگر میں نے کوئی غلط بات کی ہے تو میری گردن اڑادیں، کشمیری سمجھ کر میری بات کو دبایا نہ جائے، وزارت عظمیٰ جاتی ہے تو چلی جائے پروا نہیں لیکن بے عزتی برداشت نہیں کروں گا، میری کوئی توہین کرے گا میں بھی اسے نہیں چھوڑوں گا۔ وہ وقت گئے جب ایک کمرے میں بیٹھ کر آزاد کشمیر کی حکومتیں گرائی جاتی تھیں۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ ایک کشمیری النسل کو رخصت کر دیا گیا اب دوسرے کو رخصت کرنے کی باتیں کی جا رہی ہیں۔ آزاد کشمیر اور پاکستان کا دھاگہ بہت ہی کچا ہے، موجودہ حکومت نے اس کچے دھاگے کو مضبوط کیا، میں نہیں چاہتا کہ عمران خان اور جہانگیر ترین نا اہل ہوں کیونکہ نا اہلی کا سلسلہ چل نکلا تو بات بہت آگے جائے گی، پیپلز پارٹی واردات ڈالنے کی ماہر ہے ،پیپلزپارٹی نے اپنی ساری پارٹی پی ٹی آئی میں بھیج دی ہے،اگرعمران نااہل ہوئے تو شاہ محمود قریشی وزیراعظم بنیں گے۔

راجا فاروق حیدر نے مزید کہا کہ لوگ عمران خان کو پڑھا لکھا کہتے ہیں، کیا ایسے پڑھے لکھے لوگ ہوتے ہیں، کیا عمران خان نیا پاکستان بنائیں گے، کیا عمران خان کو کھلی چھٹی دی ہوئی ہے جو چاہے بولے، میں نے عمران خان کو کبھی گالی نہیں دی اور ہمیشہ آپ کہہ کر مخاطب کیا لیکن انہوں نے میرے متعلق جو کچھ کہا اس کی مذمت کرتا ہوں، عمران خان آوارہ ذہن کے مالک ہیں، شیخ رشید راولپنڈی کے خواجہ سرا ہیں اور تحریک انصاف نے وزارت عظمیٰ کے لیے خواجہ سرا کو نامزد کیا ہے۔ شیخ رشید کے خلاف راولپنڈی میں انتخابی جنگ لڑوں گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں