کابل میں عراقی سفارت خانے پر داعش کا حملہ ناکام بنادیا افغان وزارت داخلہ

فائرنگ کا تبادلہ 4 گھنٹے جاری رہا جس کے بعد تمام حملہ آوروں کو ہلاک کردیا گیا، وزارت داخلہ

سیکیورٹی فورسز اور حملہ آوروں کے درمیان 4 گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا، وزارت داخلہ — فوٹو : اے پی

افغانستان میں عراقی سفارت خانے پر داعش کا حملہ ناکام بنادیا گیا اور تمام حملہ آوروں کو ہلاک کردیا گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق کابل میں عراقی سفارت خانے کے باہر پہلے ایک خود کش کار دھماکا کیا گیا جس کے بعد تین حملہ آور سفارت خانے کے اندر داخل ہوگئے۔ افغان وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سیکیورٹی اہلکاروں نے حملہ آوروں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور تمام حملہ آوروں کو ہلاک کردیا۔


وزارت داخلہ کے بیان میں مزید کہا گیا کہ حملہ آوروں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان 4 گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے بعد تمام حملہ آوروں کو ہلاک کردیا گیا،فائرنگ کے تبادلے میں ایک سیکیورٹی اہلکار معمولی زخمی ہوا جبکہ سفارت خانے کا تمام عملہ محفوظ رہا اور انہیں بحفاظت محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب شدت پسند تنظیم داعش نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ اس حملے میں 7 سیکیورٹی گارڈ ہلاک ہوئے تاہم آزاد ذرائع سے اس دعوے کی تصدیق نہیں ہوسکی۔
Load Next Story