ستارے جو نشے کی لعنت کا شکار ہوئے

نشے کے خلاف مثال بن کر فنکار نئی نسل کو تباہی سے بچا سکتے ہیں

اگرہم بات کریں اپنے پڑوسی ملک بھارت کی تووہاں کی بولی وڈ انڈسٹری آج کسی تعارف کی محتاج نہیں ہے۔ فوٹو : فائل

لاہور:
فنون لطیفہ سے وابستہ فنکار، گلوکار، موسیقار ، ماڈل اورتکنیکار اپنی منفرد فنی صلاحیتوں کی بدولت دنیا بھرمیں لوگوں کی توجہ کا مرکز رہتے ہیں۔ ان کا انداز ہمیشہ ہی لوگوں کو بھاتا ہے اور ان کے چاہنے والوں کی اکثریت عموماً ان جیسا ہی دکھنا پسند کرتی ہے۔ اس کیلئے بہت سے لوگ بڑے دل وجان سے کوشش کرتے ہوئے اپنے لباس، ہیئرسٹائل، جوتوں اوررہن سہن میں تبدیلی بھی لے آتے ہیں۔ لیکن فنون لطیفہ سے وابستہ فنکاروں کا منشیات کی جانب بڑھتا رجحان ان کے چاہنے والی نوجوان نسل کی زندگی پر بہت برے اثرات مرتب کررہا ہے۔

حال ہی میں پاکستان کا ایک ہونہار نوجوان گلوکار زین علی نشے کی زیادتی کے باعث زندگی کی بازی ہار گیا۔ زین علی نے چند برس قبل بھارتی چینل کے پروگرام 'سارے گاما پا' میں حصہ لیا اور راتوں رات شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گیا۔ لیکن اس کی یہ شہرت اسے موسیقی کے سچے سروں کے قریب لانے کی بجائے ایسی سنگت کے قریب لے آئی، جہاں نشہ آور اشیاء سے اس کی گہری دوستی ہوگئی۔

اس نوجوان نے جس تیزی کے ساتھ شہرت کو قریب سے دیکھا، اس سے بھی زیادہ تیزی کے ساتھ ہیروئن سے دوستی لگائی ، جوکہ اس کی زندگی کی آخری سانس تک ''قائم ''رہی۔ زین علی تواس دنیا سے رخصت ہو کراپنی آخری آرام گاہ تک پہنچ گیا، لیکن اپنی فیملی اورخصوصاً میوزک انڈسٹری کوبہت بڑا دھچکا دے گیا۔ یہی نہیں زین علی سے پہلے بھی دنیا کے بہت سے معروف فنکارنشے کی لت کے عادی رہ چکے ہیں ، بلکہ آج بھی ہزاروںکی تعداد میں فنکارنشے کے عادی ہیں۔ کچھ نے تونشے کوخیرباد کہہ دیا اورکچھ نے شراب نوشی، چرس، افیوم، ہیروئن جیسے نشوں کواپنی کا واحد سہارا بنا لیا۔

اگرہم بات کریں اپنے پڑوسی ملک بھارت کی تووہاں کی بولی وڈ انڈسٹری آج کسی تعارف کی محتاج نہیں ہے۔ دنیا بھرمیں بولی وڈ کے ستاروںکے چاہنے والے بڑی تعداد میں بستے ہیں۔ گلیمرکی اس دنیا کو لوگ جتنا پسند کرتے ہیں اوراس کا حصہ بننا چاہتے ہیں، وہ یہ بات نہیں جانتے کے چمک دمک والی شوبز کی یہ دنیا جس قدر روشن دکھائی دیتی ہیںِ ، درحقیقت اتنی ہی اندھیروں میں گھری ہوئی ہے۔ جرائم پیشہ افراد کی بڑی تعداد اس شعبے سے وابستہ ہے۔ اگر یہ کہا جائے کہ بولی ووڈ اور نشہ دونوں ایک ہی ہیں تویہ بات غلط نہ ہوگی کیونکہ بولی وڈ اورنشہ آور اشیاء کا چولی دامن کا ساتھ ہے۔

بھارتی فلم انڈسٹری کے ماضی کی منجھی ہوئی اداکارہ مینا کماری کی فلم ''پاکیزہ'' کی شہرت توآج کی نوجوان نسل نے بھی سن رکھے ہونگے، لیکن یہ بات بہت کم لوگ ہی جانتے ہونگے کہ مینا کماری منشیات استعمال کرتی تھیں، انہوں نے اپنے شوہرکمال امروہی سے علیحدگی کے بعد کثرت سے منشیات کا استعمال شروع کردیا تھا، وہ نشے کی اس قدرعادی ہوچکی تھیں کہ بنا منشیات استعمال کیے ایک بھی سین عکسبند کروانا ان کے بس کی بات نہ تھی۔

بولی وڈ میں 'ہی مین ' کہلوانے والے ہیرو دھرمیندرنے 1960آ میں فلم ''دل بھی تیرا ہم بھی تیرے'' سے فنی سفرشروع کیا اوران کی فلموں نے بہت شہرت حاصل کی۔ لیکن ان کے کیرئیر میں ایک وقت ایسا بھی آیا جب ان کی فلموں کا بزنس بہترنہ رہا اورانہیں فلمیں ملنا نہایت کم ہوگئیں، اس وقت انہوں نے شراب نوشی کا استعمال کثرت شروع کیا اوراس کی وجہ سے ان کی صحت بھی خاصی متاثر ہوئی۔

بولی وڈ کے ناموراداکارسنجے دت بھی کم عمری میں بری عادتوں میں مبتلا ہوگئے تھے جن میں منشیات کا کثرت سے استعمال بھی شامل تھا۔ اپنی والدہ ماضی کی معروف اداکارہ نرگس کی وفات کے بعد سنجے دت نے سگریٹ نوشی کا استعمال بڑھا دیا ۔ ان کی عمر جب صرف 22 سال تھی تو، انہیں منشیات کے استعمال پرپانچ ماہ جیل کاٹنا پڑی۔ لیکن جیل میں جانے کے باوجود سنجے دت نے ہیروئن سے دوستی نہ چھوڑی اورجیل بھی نشہ کرتے رہے۔ آنجہانی اداکارہ دیویا بھارتی کو بولی وڈ کی مقبول ترین اداکارہ قراردیا جاتا تھا۔ سری دیوی اورمادھوری ڈکشٹ کے بعد دیویا بھارتی نے بھارتی فلم انڈسٹری کی سپر سٹار کہلائیں اورچند ہی برسوں میں ان کی شہرت کے چرچے چاروں طرف ہونے لگے۔


لیکن اس شہرت کے نشے میں دھت دیویا بھارتی نے نہایت کم عمری میں منشیات کا استعمال شروع کیا اور شراب کے کثرت سے استعمال کی وجہ سے وہ اپنے گھر کی بالکونی سے گرکر ہلاک ہوگئیں۔ اداکار فردین خان ماضی کے مشہوراداکار فیروز خان کے صاحبزادے ہیں اوراپنے والد کی بدولت انہیں بولی وڈ میں زبردست انٹری ملی لیکن اپنے کیرئیرکے چند برس بعد ہی اداکار فردین خان کو5 مئی 2001 کو اینٹی نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے کوکین رکھنے کے الزام میں پانچ دنوں تک حراست میں رکھا تھا، اگرچہ انہیں ضمانت پررہا کر دیا گیا لیکن یہ واقعہ ان کے کیرئیراور شخصیت میں ایک بڑا داغ ثابت ہوا۔ بولی وڈ سٹار رنبیر کپورنے 2011 میں انکشاف کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے سکول کے دنوں سے ہی منشیات کا استعمال شروع کردیا تھا۔

جس کے باعث وہ منشیات کے اس قدر عادی ہوگئے تھے کہ فلم ''راک اسٹار'' کی شوٹنگ کے دوران انہوں نے اچھا شاٹ دینے کیلئے ڈرگز استمال کی تھیں، تاہم رنبیر سخت کوششوں کے بعد اپنی اس عادت سے جان چھڑانے میں کسی حد تک کامیاب ہوگئے ہیں۔ بولی وڈسٹارسلمان خان بھی شراب کے عادی تھے۔ شراب نوشی کی وجہ سے ہی ایک دن انہوں نے فٹ پاتھ پرسوئے لوگوں پرگاڑی چڑھا دی تھی، جس کے بعدانہیں بہت سی مشکلات کا سامنا رہا ، جبکہ بھارتی میڈیا کی جانب سے انہیں خاصی تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا۔

بولی وڈسٹارارجن رامپال نے اپنے فنی سفر کا آغاز بطورماڈل کیا اوراس کے بعد انہوں نے بولی وڈ میں قدم رکھا لیکن یہ معلوم ہوا ہے کہ وہ شراب کا کثرت سے استعمال کرتے تھے اوراسی وجہ سے ان کی بیوی نے ان سے علیحدگی اختیارکی۔ اس کے علاوہ بولی وڈ سٹارشکتی کپور، جیکی شیروف ، گرودت، پروین بوبی، راجیش کھنہ اورآنجہانی دارا سنگھ سمیت بہت سے فنکار، گلوکاراورتکنیک کار شراب نوشی، چرس، افیوم اورہیروئن کا باقاعدگی سے استعمال کرتے ہیں۔

پاکستان میں فلم، ٹی وی ، تھیٹر، میوزک، رقص اورفیشن سے وابستہ فنکارکمیونٹی کی اکثریت مختلف طرح کے نشے کرتی ہے۔ شوبز کی نجی محفلوںکو اس وقت تک ادھورا سمجھا جاتا ہے، جب تک وہاں شراب، چرس، افیوم، ہیروئن کا استعمال نہ ہو۔ ماضی کی بات کریں تو فلمسٹار شاہد، وحید مراد، فردوس بیگم، طارق جاوید، ببوبرال، مستانہ، امان اللہ، پرویزمہدی، اسماعیل شاہ، اسد امانت، لیلیٰ اور بہت سے دوسرے فنکار، گلوکار نشے کے عادی رہ چکے ہیں، جبکہ آجکل توپاکستان فیشن انڈسٹری میں شراب اورچرس کا استعمال باقاعدہ ''ہائی فائی فیشن '' تصور کیا جاتا ہے۔ سُپرماڈلز، ڈیزائنرز ، میک اپ آرٹسٹ، ہیئرسٹائلسٹ ، فوٹوگرافر اورآرگنائزرز کی اکثریت ڈرگز کا کثرت سے استعمال کرتی ہے۔

اب ذرا بات کرتے ہیں ہالی وڈ کی توبلاشبہ ہالی وڈ دنیا کی سب سے بڑی فلم انڈسٹری ہے۔ اس سے وابستہ فنکاروں اورگلوکاروںکو دنیا بھرمیں قدرکی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے بلکہ ان کے چاہنے والے تودنیا کے کونے کونے میں موجود ہیں۔ لیکن یہاں بھی ڈرگز کا استعمال کثرت سے کیا جاتا ہے۔

بولی وڈ اسٹار لنڈسے لوہان، پیرس ہلٹن، میکولے کولکن، رابرٹ ڈاؤنی، ویٹنی ہیوسٹن، برٹنی سپیئرزاور جارج مائیکل سمیت بہت سے بین الاقوامی شہرت یافتہ فنکارڈرگز کے عادی ہیں۔ یہی نہیں بہت سے ہالی وڈسٹارز اورریہرسلز کی پراسراراموات کے پیچھے ڈرگز کا کثرت سے استعمال ہی سامنے آیا۔ اس کے علاوہ بہت سے ہالی وڈسٹارڈرگز کے استعمال کے ساتھ ساتھ اس کا کاروبارکرنے میں بھی ملوث پائے جاچکے ہیں۔

اس صورتحال میں دنیا بھرکی شوبزانڈسٹری کویہ بات سوچنے کی ضرورت ہے کہ ان کے چاہنے والے ان کے ہرانداز کواپناتے ہیں لیکن ڈرگز کے استعمال کے باعث اب نوجوان نسل تباہی کے دہانے کی جانب بڑھ رہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دنیا بھرمیں جرائم کی شرح میں اضافہ ہورہا ہے۔ نوجوان نسل اپنے نشے کی ضرورت کوپورا کرنے کیلئے جرائم کرنے پر مجبور ہوجاتے ہیں۔ لہٰذا ضروری ہے کہ فنکاربرادری اس حوالے سے ایسے ضابطے متعارف کرائے جن کی وجہ سے اس برائی کا مکمل خاتمہ ممکن ہوسکے۔
Load Next Story