باکسنگ ایونٹ میں بھی فکسنگ کے سیاہ بادل چھاگئے

ایرانی ہیوی ویٹ باکسرعلی مظہری نے ڈس کوالیفائی ہونے پر نتیجے کو ’فکسڈ‘ قراردیدیا


Sports Desk August 03, 2012
ایرانی ہیوی ویٹ باکسرعلی مظہری نے ڈس کوالیفائی ہونے پر نتیجے کو ’فکسڈ‘ قراردیدیا, فوٹو فائل

بیڈمنٹن کے بعد لندن اولمپکس کے باکسنگ ایونٹ میں بھی فکسنگ کے سیاہ بادل چھا گئے، میچ آفیشلزکی شہرت دائو پر لگ گئی، ایرانی ہیوی ویٹ باکسر علی مظہری نے ڈس کوالیفائی قرار دینے پر نتیجے کو 'فکسڈ' قرار دے دیا، جاپانی فائٹر نے شکست کے بعد اپیل کرکے نتیجہ تبدیل کرایا۔

تفصیلات کے مطابق لندن اولمپکس میں گذشتہ روز بیڈمنٹن میںفکسنگ کی اطلاعات سامنے آئیں اب باکسنگ ایونٹ کے ججز اور ریفریزمتنازع فیصلوں کی وجہ سے اعتراضات کی زد میں آگئے ہیں،ایک ہی دن میں کئی حیرت انگیز نتائج دیکھنے کو ملے، ایران کے ہیوی ویٹ علی مظہری نے ڈس کوالیفائیڈ قرار دیے جانے پر نتیجے کو فکسڈ قرار دیا، کیوبا کے جوز لارڈوئٹ گومز کے خلاف فائٹ میں علی مظہری کو تین مرتبہ حریف کھلاڑی کو پکڑنے پر وارننگ دی گئی اور پھر ان کو پہلے ہی رائونڈ میں ڈس کوالیفائیڈ قرار دے دیا گیا۔

مظہری نے غصے میں آفیشل اعلان کا انتظار کیا اور نہ ہی ریفری کو اپنا ہاتھ پکڑایا بلکہ غصے میں رنگ سے باہر چھلانگ لگادی، بعد میں انھوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میں یہاں پر گولڈ میڈل جیتنے آیا تھا مگر ریفری کچھ اور سوچے بیٹھے تھے مجھے غلط وارننگز دی گئیں یہ نتیجہ صاف طور پر 'فکسڈ' تھا۔ اس بارے میں انٹرنیشنل امیچر باکسنگ فیڈریشن آئیبا کا کہنا ہے کہ مظہری کو تین وارننگ دی گئی تھیں جس کے بعد آٹومیٹک ڈس کوالیفکیشن عمل میں آجاتی ہے۔ اس سے قبل بینٹم ویٹ میں جاپان کے ساتوشی شمیزو آذربائیجان کے عبدالحامدوف کے خلاف مقابلے میں سات پوائنٹس خسارے کے ساتھ آخری رائونڈ میں گئے۔

جہاں پر انھوں نے حامدوف کو6 بار ناک ڈائون کیا تاہم دونوں کے پوائنٹس برابر قرار دینے کے بعد ریفری نے اس حالت میں فتح کیلیے حامدوف کا ہاتھ اٹھایا کہ وہ رنگ کی ٹاپ رسی کے سہارے کھڑے تھے، نتیجے کے بعد وہ اپنے ٹرینر کی مدد سے رنگ سے باہر آئے، شمیزو نے فوری طور پر نتیجے کے خلاف اپیل کرتے الزام لگایا کہ ریفری حامدوف کی مدد کرتے رہے، بعد میں آئیبا نے نتیجہ تبدیل کرتے ہوئے جاپانی فائٹر کو فاتح قرار دے دیا۔

یاد رہے کہ گذشتہ برس دسمبر میں ایک برطانوی نشریاتی ادارے نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ آئیبا نے 10 ملین ڈالر قرض کے عوض آذربائیجان کو اولمپکس میں دو گولڈ میڈل کی یقین دہانی کرائی ہے، بعد میں آئیبا نے تحقیقات کے بعد اس الزام کو مسترد کردیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں