پنچایت زیادتی کیس کی تحقیقاتی رپورٹ سپریم کورٹ میں پیش

واقعے میں مجموعی طور پر تین مقدمات کا اندراج کیا گیا، رپورٹ


ویب ڈیسک August 01, 2017
اب تک 29 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے جن کا 7روز میں چالان جمع کرایا جائے گا، پولیس۔ فوٹو: فائل

ملتان میں پنچایت کے حکم پر لڑکی سے زیادتی کیس کی تحقیقاتی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرادی گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سی پی او ملتان نے پنچایت زیادتی کیس کی انکوائری رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کروا دی۔ رپورٹ کے مطابق زیادتی کی شکار بچی کی والدہ نے 20جولائی کو تھانے میں درخواست دائر کی اور اسی روز مقدمہ بھی درج کرلیا گیا۔ ایف آئی آر کٹنے کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم سمیت تمام ملوث افراد کو گرفتار کرلیا۔

یہ بھی پڑھیں: پنچایت کے حکم پر لڑکی سے زیادتی

تحقیقات سے پتہ چلا کہ زیادتی پنچایت کے حکم پرکی گئی، جس کے بعد واقعہ میں مجموعی طور پر تین مقدمات کا اندراج کیاگیا۔ پہلا کیس ملزم اشفاق رفیق اور حمید سوہنا کے خلاف درج کیاگیا جب کہ دوسری ایف آئی آر سب سے پہلے زیادتی کرنے والے شخص عمر وڈا کے خلاف 25جولائی کودرج کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: شہباز شریف نے متعلقہ تھانے کا پورا عملہ معطل کردیا

رپورٹ کے مطابق کیس میں اب تک 29 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے جن کا 7روز کے اندر چالان جمع کرایا جائے گا جب کہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں ملتان کے علاقے راجا پور میں پنچایت کے حکم پر زیادتی کرنے والے ملزم کی بہن کی آبرو ریزی کی گئی تھی اور واقعہ سامنے آنے پر چیف جسٹس پاکستان نے نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کی تھی ۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں