عمران خان بدکردارشخص ہیں عائشہ گلالئی کا الزام

تحریک انصاف کی ایم این اے عائشہ گلالئی کا پارٹی چھوڑنے کا اعلان

عمران خان کے حواری خواتین کی عز ت نہیں کرتے، عائشہ گلالئی: فوٹو: سوشل میڈیا

HYDERABAD:
تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی نے عمران خان کے خلاف الزامات کی پٹاری کھولتے ہوئے پارٹی چھوڑدی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے تحریک انصاف کی ایم این اے عائشہ گلالئی کا کہنا تھا کہ این اے ون کا ٹکٹ اور جلسے میں تقریر کا موقع نہ ملنے والی باتیں جھوٹ پر مبنی ہیں، میرے لیے پارٹی کا ٹکٹ کوئی بڑا مسئلہ نہیں اور ویسے بھی عمران خان کی ٹکٹوں کے معیار کچھ اور ہے جس پر میں پورا نہیں اترتی جب کہ آج جب لوگ تحریک انصاف کو جوائن کررہے ہیں تو میں ایسے وقت میں چھوڑ رہی ہوں، اس کی پیچھے کوئی بڑی وجہ ہی ہوگی، میں ایک روایتی خاتون ہوں اور میرے لیے عزت سے بڑھ کر کچھ نہیں اور یہی میری پارٹی چھوڑنے کی وجہ ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : خواتین کی جتنی عزت پی ٹی آئی میں ہے کسی اورجماعت میں نہیں، شیریں مزاری

عائشہ گلالئی نے کہا کہ عمران خان پوری دنیا کو خراب اور خود کو فرشتہ سجھتے ہیں جب کہ وہ پاکستان کو لندن سمجھتے ہیں اور وہ یہاں مغربی کلچر متعارف کروانا چاہتے ہیں،67 سال کی عمر میں ان کی عادتیں اب ختم نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے کہا کہ عزت دار خواتین کی عزتیں اس پارٹی میں عمران خان اور ان کے ساتھیوں کے ہاتھوں محفوظ نہیں، اور وہ خواتین کو غلط پیغامات بھیجتے ہیں لیکن اس کے برعکس نوازشریف ایک خاندانی آدمی ہے جو ماؤں بہنوں کی عزت کرنا جانتے ہیں۔


اس خبر کو بھی پڑھیں : ارم عظیم فاروقی نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیارکرلی

عائشہ گلالئی نے مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ مجھے پی ٹی آئی کا وژن پسند تھا لیکن میں نے پارٹی میٹنگز میں شامل ہونا چھوڑ دیا تھا کیوں کہ اس میں عمران خان صرف ہمیں یہ بتاتے تھے کہ کس لیڈر پر کس طرح کیچڑ اچھالنا ہے اور وہ لوگوں کے نام بگاڑتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ نفسیاتی مسائل ہیں اور وہ پارٹی کے ٹیلنٹڈ ورکرز سے حسد کرتے ہیں جب کہ ایم این ایز اور ایم پی ایز کی اس پارٹی میں جتنی تذلیل اور توہین کی جاتی ہے وہ کسی اور پارٹی میں نہیں ہوتی۔

انہوں نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک کو عمران خان کا ایجنٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے پرویزخٹک کی کرپشن پر آنکھیں بند کررکھی ہیں جب کہ پرویز خٹک کے سارے رشتہ دار صوبائی حکومت سے فائدہ اٹھا رہے ہیں اور ان کے سارا خاندان حکومت میں شامل ہیں۔

واضح رہے کہ چند روز قبل پاکستان تحریک انصاف کی رہنما ناز بلوچ بھی پارٹی چھوڑ کر پاکستان پیپلزپارٹی میں شامل ہوگئی تھیں جہاں ان کا موقف تھا کہ تبدیلی کا نعرہ لگاتے لگاتے خود پی ٹی آئی تبدیل ہوگئی جب کہ عمران خان کی سندھ اور کراچی پر کوئی توجہ نہیں ہے۔
Load Next Story