نواز شریف نے کبھی کرپشن نہیں کی اور وہ ایک بار پھر وزیر اعظم بنیں گے نومنتخب وزیر اعظم

نوازشریف نے عوام کی خدمت کی جس کی گواہی عوام دیں گے ، شاہد خاقان عباسی


ویب ڈیسک August 01, 2017
میں ملک کا وزیراعظم ہوں اور کام کرنے آیا ہوں، نومنتخب وزیراعظم فوٹو: اسکرین گریب

نومنتخب وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے کبھی کرپشن نہیں کی اور وہ ایک بار پھر وزیر اعظم بنیں گے۔

قائد ایوان منتخب ہونے کے بعد قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ وزارت عظمیٰ سیاست کی معراج سمجھی جاتی ہے، جمہوریت کا عمل آج دوبارہ پٹڑی پر چل پڑا ہے، مسلم لیگ (ن)، حلیف جماعتوں اور عوام کے وزیر اعظم نواز شریف کا مشکور ہوں، اس کے علاوہ ہمیں گالی گلوچ میں یادرکھنے والے عمران خان کا بھی مشکور ہوں، سپریم کورٹ کا فیصلہ ہم نے من و عن قبول کیا ہے لیکن پاکستان کے عوام نے اسے قبول نہیں کیا جب کہ ابھی ایک اور عدالت بھی لگے گی جو اس عدالت سے بڑی ہوگی اور وہاں کوئی جے آئی ٹی نہیں ہوگی۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : شاہد خاقان عباسی وزیر اعظم منتخب

نو منتخب وزیر اعظم نے کہا کہ ملک میں سیاست گالی بن چکی ہے، 30 سال سے پارٹی کے ساتھ ہوں نوازشریف نے کبھی کرپشن نہیں کی، پنڈی سے الیکشن لڑنے والے شیخ رشید بھی نواز شریف کے حق میں گواہی دیں گے، نوازشریف نے ملک کو ایٹمی ملک بنایا یہ ان کی غلطی ہے۔ انہوں نے معیشت کو مضبوط بنایا، وہ ملک میں ایل این جی کو لائے، وزیراعظم کی نشست پر نواز شریف آج بھی موجود ہے۔ وہ ضرور ایک دن واپس آئیں گے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : ایم کیو ایم نے مسلم لیگ(ن) کو ووٹ دیا

اپنی ترجیحات کے بارے میں بتاتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ملک میں سیکیورٹی کے مسئلے کو سب کو مل کرحل کرناہے، کوئی ملک ایسا نہیں جس میں عام آدمی کو خودکار اسلحہ کا لائسنس دیا جاتاہو، پوری کوشش ہوگی کہ ملک میں شہریوں کے پاس خودکار اسلحہ نہ ہو، وفاقی حکومت اسلحے کے لائسنس جاری نہیں کرے گی۔ کراچی کے مسائل کو حل کیا جائے گا ،ہم نے ملک کے سب سے بڑے شہر کو امن دیا اب وہاں انتظامی مسائل حل کرنے کی بھی ضرورت ہے۔ نواز شریف کے وعدے کے مطابق کراچی پیکیج پر عمل درآمد کیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں