خواتین کی جتنی عزت پی ٹی آئی میں ہے کسی اورجماعت میں نہیں شیریں مزاری

خواتین کی جتنی عزت پی ٹی آئی میں ہے کسی اورجماعت میں نہیں، ترجمان عمران خان


ویب ڈیسک August 01, 2017
خواتین کی جتنی عزت پی ٹی آئی میں ہے کسی اورجماعت میں نہیں، ترجمان عمران خان - فوٹو: فائل

ISLAMABAD: پاکستان تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری کا کہنا ہے کہ خواتین کی جتنی عزت پی ٹی آئی میں ہے کسی اور جماعت میں نہیں۔

اسلام آباد میں تحریک انصاف کی خواتین کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان کی ترجمان شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ عائشہ گلالئی نے کل خان صاحب کو کہا کہ انہیں جلسے میں بولنے نہیں دیا گیا اور انہوں نے آئندہ انتخاب میں پشاور کے حلقہ این اے ون کا ٹکٹ مانگا اور ٹکٹ نہ ملنے پر عمران خان پرذاتی حملہ کیا جب کہ ان کا حق ہے کہ وہ پارٹی میں رہیں یا اسے چھوڑ دیں لیکن چھوڑتے وقت گالی دینا افسوسناک ہے جب کہ ٹکٹ کا فیصلہ عمران خان اکیلے نہیں کرتے۔

شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ عائشہ گلالئی نے تحریک انصاف کی تمام خواتین کی تذلیل کی جب کہ خواتین کی جتنی عزت پی ٹی آئی میں ہے کسی اورجماعت میں نہیں اور عمران خان خواتین کی عزت کا خاص خیال رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ تمام جماعتیں دیکھ لیں دیگر جماعتوں نے خواتین کو کیا عہدے دیے لیکن اس کے برعکس پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی اور کور کمیٹی میں ہم سب خواتین موجود ہیں، تحریک انصاف نے این اے 120 میں یاسمین راشد کو امیدوار نامزد کیا اور میرٹ پر مجھے پارٹی میں عہدہ دیا۔

واضح رہے کہ عائشہ گلالئی نے تحریک انصاف چھوڑنے کا فیصلہ کرتے ہوئے عمران خان پر سنگین الزامات عائد کیے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔