ہربھجن سنگھ نے ٹیم میں آتے ہی کینگروز کیخلا ف طبل جنگ بجادیا

ہربھجن کو آسٹریلیا کے خلاف ابتدائی دو ٹیسٹ میچز کیلیے 15 رکنی اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے


Sports Desk/Sports Desk February 11, 2013
ہربھجن سنگھ نے99 ٹیسٹ میچز میں 408 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ فوٹو: فائل

لاہور: بھارتی آف اسپنر ہربھجن سنگھ نے منتخب ہوتے ہی کینگروز کیخلاف طبل جنگ بجادیا، ان کا کہنا ہے کہ میں اپنی پسندیدہ ٹیم کا شکار کھیلنے کا مزید انتظار نہیں کرسکتا۔

ہربھجن کو آسٹریلیا کے خلاف ابتدائی دو ٹیسٹ میچز کیلیے 15 رکنی اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔ انھوں نے 99 ٹیسٹ میچز میں 408 وکٹیں حاصل کی ہیں، ان کو ٹیسٹ میچز کی سنچری مکمل کرنے کیلیے مزید ایک بار میدان میں اترنے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے گذشتہ روز ہی اپنی قیادت میں ریسٹ آف انڈیا کو ایرانی کپ ٹائٹل جتوایا ہے۔ ہربھجن سنگھ کی آسٹریلیا سے دشمنی ڈھکی چھپی نہیں ہے۔

بھارتی ٹیم کے 2007-08 کے دورہ آسٹریلیا کے دوران ان کے اور سائمنڈز کے درمیان بہت بڑا تنازع کھڑا ہوا تھا جب سابق آسٹریلوی آل رائونڈ نے الزام عائد کیا تھا کہ ہربھجن نے ان کو بندر کہا ہے۔ کینگروز کے جوابی ٹور کے دوران بھی ہربھجن اور مہمان کھلاڑیوں کے تعلقات میں کافی تنائو تھا۔ ہربھجن سنگھ کا کہنا ہے کہ میں ٹیسٹ اسکواڈ میں منتخب ہونے پر کافی خوش ہوں، یہ میچز میرے لیے کافی اہم ہیں، میں اپنی پسندیدہ ٹیم کے خلاف بہترین بولنگ کرکے اپنی ٹیم کو فتح دلانے کی ہرممکن کوشش کروں گا، میں ان کے ساتھ مقابلے کا بے چینی سے منتظر ہوں، ہمارا اٹیک ناتجربہ کار کینگرو بیٹنگ لائن کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔