پاکستان سے سیریز کینگروز نے گرمی کے توڑ کیلیے حکمت عملی بنا لی

دوران میچ اضافی ڈرنکس بریکس ،میدان میں اترنے سے پہلے پلیئرزآئس باتھ لیں گے


Sports Desk August 03, 2012
دوران میچ اضافی ڈرنکس بریکس ،میدان میں اترنے سے پہلے پلیئرزآئس باتھ لیں گے

آسٹریلوی کرکٹرزبھی متحدہ عرب امارات میں پاکستان سے سیریز کے انتظامات سے مطمئن ہوگئے، کینگروز نے گرمی کی توڑ کیلیے حکمت عملی بھی بنا لی ہے، دوران میچ اضافی ڈرنکس بریکس ہوں گے، میدان میں اترنے سے پہلے کھلاڑی آئس باتھ لیں گے۔

آئس جیکٹس کی بھی سہولت موجود ہوگی، آسٹریلین کرکٹرز ایسوسی ایشن کے چیف پال مارش کا کہنا ہے کہ ہمارے گرمی اور نمی سے متعلق خدشات اب دور ہوگئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا پاکستان کے خلاف اگست ستمبر میں متحدہ عرب امارات میں سیریز کے انتظامات سے پوری طرح مطمئن ہوگیا ہے، کرکٹ بورڈ کو تو پہلے ہی کوئی بڑا اعتراض نہیں تھا مگر کرکٹرز ایسوسی ایشن نے یواے ای کی سخت گرمی کے حوالے سے خدشات ظاہر کیے تھے۔

دوہفتے قبل کرکٹ آسٹریلیا اور کرکٹرز ایسوسی ایشن کے ایک چار رکنی وفد نے سیریز کے وینیوز شارجہ، دبئی اور ابوظبی کا دورہ کیا اور اب انتظامات پراطمینان ظاہر کردیا۔ اس بارے میں پلیئرز ایسوسی ایشن کے چیف پال مارش کا کہنا ہے کہ ہم نے یو اے ای میں سیریز کے تمام انتظامات کا جائزہ لیا اور اب ہماری تشویش دور ہوچکی ہے۔

ہم ان انتظامات سے پوری طرح مطمئن ہیں، ہم نے کھلاڑیوں کی سہولت کیلیے کئی معاملات پر بات کی، گرمی سے نمٹنے کیلیے میچز کے اوقات پہلے ہی تبدیل کیے جاچکے ہیں، دبئی کے اسٹیڈیم کو شارجہ اور ابوظبی کی بانسبت بند ہونے کی وجہ سے ون ڈے میچ کی میزبانی نہیں دی گئی۔

اس لیے پاکستان سے سیریز کے دو اور افغانستان سے ایک ون ڈے میچ شارجہ جبکہ پاکستان سے ایک ون ڈے ابوظبی میں کھیلا جائے گا، البتہ تینوں ٹوئنٹی 20 دبئی میں ہوںگے، ٹور کے آغاز پر کپتانوں اور میچ ریفری کے درمیان پلیئنگ کنڈیشنز کا تعین ہوگا، میچ میں اضافی ڈرنکس بریکس ہوںگے، کھلاڑیوں کیلیے آئس باتھ کی سہولت بھی موجود ہوگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں