قائداعظم ٹرافی حیدرآباد شکست کو نہ ٹال سکا کراچی بلوز کامیاب

حیدر آباد نے آخری دن 164رنز کے ساتھ دوسری اننگز دوبارہ شروع کی تاہم اس کے سارے کھلاڑی مزید 115 رنز کا اضافہ کر سکے

،کراچی وائٹس اور سیالکوٹ کا میچ ڈرا ہو گیا۔ فوٹو : فائل

قائد اعظم ٹرافی کے سپر ایٹ رائونڈ میںکراچی بلوز نے حیدرآباد کو114رنز سے ہرا کر 9 پوائنٹس حاصل کرلیے،کراچی وائٹس اور سیالکوٹ کا میچ ڈرا ہو گیا، ماجد جہانگیر نے سنچری بنا ڈالی۔

۔ موصولہ اطلاعلات کے مطابق آزاد جموں و کشمیر کے میر پوراسٹیڈیم میں گروپ اے کی چیمپئن کراچی بلوز کے خلاف 393 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میںحیدر آباد نے کھیل کے چوتھے اور آخری دن اتوار کو 5 وکٹوں پر 164رنز کے ساتھ دوسری اننگز دوبارہ شروع کی ، تاہم اس کے آخری 5کھلاڑی مزید 115 رنز کا اضافہ کر سکے اور یوں حیدرآباد کی ٹیم 74.4 اوورز میں 279رنز بناکر شکست خوردہ حالت میں پویلین لوٹ گئی۔

میچ میں 8 وکٹیں حاصل کرنے والے لعل کمار نے 41 رنز جوڑے،فیصل اطہر نے29اور نعمان علی نے24رنز بنائے،طارق ہارون نے24 اور تابش خان نے43رنز کے عوض 2 وکٹیں اپنے نام کیں،پہلی اننگز میں 205 رنز داغنے والی کراچی بلوز نے حریف ٹیم کو 141رنز پر ڈھیر کرکے دوسری اننگز میں 329رنز بنا ڈالے تھے۔ دریں اثناء اسلام آباد کے ڈائمنڈ کلب گرائونڈ پر پول بی میں کراچی وائٹس کے خلاف میچ میں ہار جیت کافیصلہ نہ ہونے کے باوجود سیالکوٹ نے پہلی اننگز میں برتری کی بنیاد پر 3 پوائنٹس حاصل کرلیے۔




کھیل کے آخری دن 254رنز کے جواب میں42.2 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز کے ساتھ پہلی اننگز دوبارہ شروع کرنے والی کراچی وائٹس 80اوورز میں238رنز بناکر میدان سے لوٹ گئی،58 رنز کے ساتھ کریز پر دوبارہ آنے والے محتشم علی نے ذاتی اسکور میں مزید11 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد پویلین کی راہ لی، پہلی اننگز میں 6وکٹیں لینے والے عاطف مقبول نے 29 رنز جوڑے اور آئوٹ نہیں ہوئے،نیر عباس نے 4 اور شعیب ملک نے3کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔

جب میچ ہار جیت کے بغیر ختم ہوا تو 16 رنز کی برتری کے ساتھ دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی سیالکوٹ کی ٹیم نے 45 اوورز میں 3گنوا کر184 رنزبنائے،پہلی اننگز میں 57 رنز جوڑنے والے ماجد جہانگیر نے دوسری باری میں بھی حریف بولروں کی پٹائی کرتے ہوئے سنچری بنائی ، ان کے ناقابل شکست 101رنزمیں 12 چوکے بھی شامل تھے، سابق ٹیسٹ کپتان شیعب ملک نے 33 گیندوں پر 40 رنز بنائے، ان کی ناقابل شکست اننگز میں 4 چوکے اور 2 بلند چھکے بھی شامل تھے۔
Load Next Story