ارم عظیم فاروقی نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیارکرلی
متحدہ قومی موومنٹ کے بانی کی پاکستان مخالف تقریر کے بعد ایم کیو ایم کو خیرباد کہنے والی ارم عظیم فاروقی نے عمران خان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرلی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے ارم عظیم فاروقی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے مجھے پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی تھی اور اس حوالے سے ان کی لیڈرشپ گزشتہ کئی ماہ سے مجھ سے رابطے میں تھی جب کہ آج میں تحریک انصاف میں باضابطہ شمولیت کا اعلان کرتی ہوں۔
اس خبر کو بھی پڑھیں؛ ''پاکستان مردہ باد'' کا نعرہ نہیں لگاسکتی، ارم عظیم فاروقی کا ایم کیوایم چھوڑنے کا اعلان
اس سے قبل اپنی ٹوئٹ میں ارم عظیم فاروقی نے عائشہ گلالئی کے معامے پر کہا کہ اگر انہیں تحریک انصاف کی لیڈرشپ پر اتنے تحفظات ہیں تو انہوں نے اب تک استعفیٰ کیوں نہیں دیا۔
ایک اور ٹوئٹ میں ان کا کہنا تھا کہ عائشہ گلالئی نے پہلے پیپلزپارٹی پھر آل پاکستان مسلم لیگ اور اب تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی تھی جب کہ انہوں نے عمران خان پر سنگین الزامات عائد کیے ہیں جن کی تحقیقات ہونی چاہیے۔