افضل گورو کو پھانسی کیخلاف مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال مظاہرے

دنیا بھر میں کشمیری آج ہڑتال کریں، چوہدری عبدالمجید، لاہور، ملتان میں بھی مظاہرے


News Agencies February 11, 2013
سرینگر:افضل گورو کی پھانسی کیخلاف ہڑتال کے دوران پولیس اہلکار مارکیٹ میں گشت کررہے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

بھارتی پارلیمنٹ پر حملے کے مبینہ الزام میں حریت پسند کشمیری افضل گورو کو پھانسی دیے جانے کیخلاف مقبوضہ کشمیر میں اتوار کو مکمل ہڑتال کی گئی۔

کاروبار زندگی معطل رہا، مقبوضہ وادی میں شٹر ڈاؤن کرکے کرفیو کے باوجود بھارتی حکومت اور فوج کیخلاف مظاہرے کیے گئے۔ ڈوڈہ، بھدرواہ، کشٹواڑ اور دوسرے مسلم اکثریتی علاقوں میں لوگ سڑکوں پر نکل آئے، بارہ مولا اور سوپور پولیس اور مظاہرین میں جھڑپیں ہوئیں۔ آن لائن کے مطابق مظاہروں میں20 افراد زخمی ہو گئے، مظاہروں میں بھارتی پرچم بھی نذر آتش کیے گئے، مقبوضہ وادی میں ذرائع ابلاغ اور ٹیلی مواصلات پر پابندی جاری ہے۔ اے پی پی کے مطابق سرینگر سے مقامی اخبارات کی اشاعت پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے جبکہ حریت قیادت بدستور گرفتار ونظربند ہے۔

افضل گورو کے اہلخانہ نے بھارت حکومت سے پھر ان کے جسد خاکی کی واپسی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ اسے شایان شان طریقے سے دفن کیا جاسکے۔ شہید کے بڑے بھائی اعجاز گورو نے ایک بیان میں کہا کہ انھیں بھائی کو تختہ دار پر چڑھانے کی اطلاع الیکڑانک میڈیا اور سماجی رابطوں کی سائیٹوں سے ملی۔ نئی دہلی میں سیکڑوں کشمیری طلبا و طالبات نے جنترمنترچوک پر پرامن احتجاج کیا، نئی دہلی میں نظربند حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق نے بی بی سی سے انٹرنیٹ پر گفتگو میں 4 روزہ ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ افضل گورو کی پھانسی نے بات چیت کی سیاست کو دفن کر دیا ہے، بھارت نے ثابت کردیا کہ بھارت کشمیریوں کے ساتھ جنگ پر آمادہ ہے۔

3

چیئرمین متحدہ جہاد کونسل اور حزب المجاہدین کے سپریم کمانڈر سید صلاح الدین نے آن لائن کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت اس خیال میں نہ رہے کہ افضل گورو کو پھانسی دیکر تحریک آزادی کشمیر کمزور پڑھ سکتی ہے، حزب المجاہد ین سمیت تمام جہادی تنظیمیں انتقام لینا جانتی ہیں اور کسی بھی وقت بھارتی تنصیبات کو نشانہ بناسکتی ہیں۔

پھانسی کیخلاف پاکستان کے مختلف شہروں میں بھی دفاع پاکستان کونسل، جماعۃالدعوۃ اور تحریک آزادی جموںکشمیر سمیت مختلف مذہبی، سیاسی و کشمیری جماعتوں کی طرف سے احتجاجی مظاہروں اور ریلیوںکا سلسلہ جاری رہا، اسلام آباد میں افضل گورو کی غائبانہ نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید نے آزاد کشمیر اور دنیابھر میں آباد کشمیریوں کو آج ہڑتال کی کال دی۔ تقریب سے مقبوضہ کشمیر کے رہنماء یاسین ملک، جماعت الدعوۃ کے امیر حافظ محمد سعید، عبدالرشید ترابی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں