ہاکی فیڈریشن نے نئے پلیئرز سے امیدیں باندھ لیں

جونیئرٹیم کی بحرین سے سیریزہوگی،چین،ملائیشیا،بنگلہ دیش اوراومان کی لیگز میں شرکت کے مواقع دینے پر غور


جونیئرٹیم کی بحرین سے سیریزہوگی،چین،ملائیشیا،بنگلہ دیش اوراومان کی لیگز میں شرکت کے مواقع دینے پر غور،ٹرائلزمیں کامیاب پلیئرزکی فہرستیں تیار فوٹو: فائل

ورلڈ ہاکی لیگ میں سینئر کھلاڑیوں کی کارکردگی سے مایوس پی ایچ ایف حکام نے جونیئرز سے امیدیں باندھ لیں، انھیں انٹرنیشنل تجربہ دلانے کی غرض سے بحرین ہاکی فیڈریشن سے رابطہ کرکے سیریز کھیلنے کی تجویز دی جائے گی، اسی طرح بنگلہ دیش، چین، ملائیشیا اور اومان میں شیڈول ہاکی لیگز میں بھی جونیئرکھلاڑیوں کی شرکت کو یقینی بنانے کیلیے اقدامات کیے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق ورلڈ ہاکی لیگ میں قومی ٹیم کے مایوس کن کھیل کے بعد پی ایچ ایف نے امیدوں کا محور جونیئرز کو بنا لیااور نئے کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل میچوں کا تجربہ دلانے کیلیے ابھی سے تگ و دو شروع کر دی ہے۔ ذرائع کے مطابق پی ایچ ایف حکام کی کوشش ہے کہ مستقبل قریب میں پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم کو کسی ایشیائی ملک کا دورہ کرایا جائے، اس مقصد کیلیے بحرین ہاکی فیڈریشن سے رابطہ کرکے سیریز کھیلنے کی تجویز دی جائے گی، ذرائع کے مطابق میزبان ملک کی طرف سے تصدیق کی صورت میں قومی جونیئر ہاکی ٹیم مسقط میں بحرین کے خلاف چار سے پانچ میچوں کی سیریز میں حصہ لے گی۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ ایک برس قبل بحرین کی جونیئر ہاکی ٹیم نے بھی پاکستان کا دورئہ کیا تھا اور نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور سمیت پاکستان کے دوسرے شہروں میں میچز کھیلے تھے۔ مزید معلوم ہوا ہے کہ پاکستان ہاکی ٹیم نوجوان کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل تجربہ دلانے کی غرض سے بنگلہ دیش، چین، ملائیشیا اور اومان میں شیڈول ہاکی لیگز میں ان کی شرکت کو بھی یقینی بنائے گا۔ ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل مقابلوں کا یہ منصوبہ پی ایچ ایف حکام نے سابق اولمپئنز، کوچز اور ٹیکنیکل آفیشلز سے مشاورت کے بعد بنایا ہے۔ ذرائع کے مطابق سینئر کھلاڑیوں کے مصروفیات کی وجہ سے یورپیئن لیگز کو پلان میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پی ایچ ایف کے تھنک ٹینک کا خیال ہے کہ ایمرجنگ پلیئرز کیلیے یورپ کی بجائے ایشیائی ملک میں لیگز کا تجربہ زیادہ سودمند رہے گا، اس لیے نئے باصلاحیت کھلاڑیوں کو بنگلہ دیش، چین، ملائیشیا اور اومان سمیت ایشیائی ملکوں میں ہونے والی لیگز میں شرکت کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

یہ منصوبہ رواں ماہ اسلام آباد میں پی ایچ ایف کی ایگزیکٹیوبورڈ میں پیش کیا جائیگا، منظوری ملنے کی صورت میں فوری عملدرآمد پر کام کا آغاز ہو جائیگا۔ ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ لاہور، کراچی، بنوں اورمردان سینٹرز میں ٹرائلز کا حصہ بننے والے کامیاب کھلاڑیوں کی فہرستیں تیار کر لی گئی ہیں، جلد ہی پی ایچ ایف سیکریٹریٹ کی طرف سے منظوری ملنے کے بعد منتخب پلیئرز کا اعلان کر دیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق فیڈریشن حکام نے کیمپ لاہور میں لگانے کا فیصلہ کیا ہے، کیمپ کمانڈنٹ منصور احمد دوسرے کوچز محمد ثقلین، ریحان بٹ اور محمد عثمان کے ساتھ مل کر پلیئرزکی خصوصی مشقوں کاآغاز کریں گے، کیمپ میں کوچز کا زیادہ تر دھیان پلیئرز کی فٹنس پر ہوگا، گیم میں مہارت لانے کیلیے آپس میں پریکٹس میچز کا انعقاد بھی ممکن بنایا جائے گا، اسی دوران ماضی کے عظیم کھلاڑی بھی پلیئرزکوخصوصی ٹپس دیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |