مسلم لیگ ن کا مشاورتی اجلاس کابینہ کی تشکیل کے معاملات طے پا گئے

احسن اقبال وزیر داخلہ ،خواجہ آصف وزیر خارجہ اور خرم دستگیر وزیر دفاع ہوں گے،ذرائع

سابق وزیرداخلہ چوہدری نثار اورسابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار شاہدخاقان عباسی کی کابینہ میں شامل ہونے کے لیے تیار نہیں، ذرائع۔ فوٹو: پی ایم ایل این

مسلم لیگ (ن) کے مشاورتی اجلاس میں وفاقی کابینہ کی تشکیل کے معاملات طے پا گئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مری میں مسلم لیگ (ن) کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں نومنتخب وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، سابق وزیراعظم نوازشریف، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور دیگر افراد شریک ہوئے۔ اجلاس میں وفاقی کابینہ کی تشکیل اور وزیراعلیٰ پنجاب کو مرکز میں شامل کرنے سے متعلق معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: ایک دو روز میں کابینہ کو حتمی شکل دے دی جائے گی، وزیراعظم



ذرائع کے مطابق اجلاس میں وفاقی کابینہ کی تشکیل کے معاملات طے پا گئے ہیں جس کے مطابق چوہدری نثار کابینہ میں شامل نہیں ہوں گے لیکن کابینہ کے دیگر ارکان تقریباً وہی ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی کابینہ میں 3 سے 4 نئے وزیر شامل کیے جائیں گے جب کہ ایک مستقل وزیرخارجہ بھی تعینات کیا جائے گا، وزیردفاع کی ذمہ داریاں خواجہ آصف سے لے کر کسی اور کے سپرد کی جا سکتی ہیں۔ نئی کابینہ کے ارکان کل صبح حلف اٹھائیں گے۔




ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کو ہی مقرر کیا جائے گا جبکہ پرویز ملک وزیر تجارت، طارق فضل چوہدری وزیر کیڈ، احسن اقبال وزیر داخلہ ،خواجہ آصف وزیر خارجہ اور خرم دستگیر وزیر دفاع ہوں گے۔ دانیال عزیز،عبدالرحمان کانجو، خسرو بختیار اورجنید انورچوہدری کو وزیرمملکت مقرر کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق طلال چوہدری وزیرمملکت برائے داخلہ اور مریم اورنگزیب وزیر مملکت برائے اطلاعات ہوں گی۔ شاہد خاقان عباسی کے وزیراعظم بننے کے بعد وزارت پیٹرولیم بھی کسی اور کے حصے میں آئے گی۔

ذرائع کے مطابق جنوبی پنجاب سے کابینہ میں پانچ ارکان کو شامل کیا گیا ہے، ڈاکٹر درشن وزیر مملکت برائے بین الصوبائی رابطہ، فاٹا سے اکرام خان وزیر مملکت برائے سیفران ہوں گے۔ اس کے علاوہ پٹرولیم اور پاور کو ملا کر انرجی منسٹری بنا دی گئی ہے اورعابد شیر علی انرجی کے وزیر مملکت ہوں گے۔ سائرہ افضل تارڑ وفاقی وزیر صحت، بلیغ الرحمان وفاقی وزیر تعلیم،عثمان ابراہیم وزیر مملکت برائے قانون اور مشاہداللہ وزیر مملکت برائے کلائمنٹ چنیج ہوں گے۔

اس خبر کو پڑھیں: چوہدری نثار کا وزیر بننے سے انکار

واضح رہے کہ گزشتہ رات بھی ایک اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، نواز شریف، شہباز شریف، چوہدری نثار، اسحاق ڈار اور سعد رفیق سمیت اہم رہنماؤں نے شرکت کی، چھ گھنٹے سے زائد جاری رہنے والے اجلاس میں شہباز شریف کو مستقبل میں وزیراعظم بنانے اور وفاقی کابینہ کی تشکیل کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی تھی۔

Load Next Story