پنجاب خیبرپختونخوا مختلف علاقوں میں بارشوں سے تباہی17 افراد جاں بحق

درجنوں زخمی، بارشوں سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے,محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیش گوئی کر دی

شبقدر میں علاقہ مکینوں کو منتقلی کی ہدایت، راولپنڈی کے نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہونے پر فوجی دستے پہنچ گئے، الرٹ جاری کر دیا گیا فوٹو : اے پی پی

FAISALABAD:
پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں باران رحمت سے جہاں موسم خوشگوار ہو گیا وہاں بارشیں تباہی کا باعث بھی بن گئیں، مختلف علاقوں میں چھتیں گرنے سے3 خواتین سمیت17افراد جاں بحق جبکہ درجنوں زخمی ہو گئے ۔

جن میں سے 8 کا تعلق کے پی کے سے ہے، راولپنڈی، گوجرانوالہ سمیت پنجاب کے اکثر شہروں میں بارش ہوئی، لاہور میں تیز ہواؤں کے ساتھ رم جھم سے موسم خوشگوار ہو گیا، اسلام آباد، پشاور، کھاریاں اور جہلم میں بھی بادلوں کی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، مختلف علاقوں میں بارش کے بعد نشیبی علاقے زیر آب آ گئے جبکہ کئی حادثات بھی رونما ہوئے، خیبر پختونخوا کے علاقے شبقدر میں 2، بنوں میں 2، سخاکوٹ میں ایک اور اورکزئی ایجنسی میں 3 افراد جاں بحق ہوئے، شبقدر میں انتظامیہ نے علاقہ مکینوں کو منتقلی کی ہدایت کر دی جبکہ سیلاب میں پھنسے ہوئے300 سے زائد افراد کو بحفاظت نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا، اوکاڑہ اور رینالہ خورد میں2 خواتین جاں بحق اور4 افراد زخمی ہو گئے۔


شکر گڑھ میں 10 سالہ لڑکا برساتی نالے میں ڈوب کر جاں بحق ہو گیا، نارووال کے محلہ رسول نگر میں شدید بارشوں کی وجہ سے گھر کی چھت گر گئی، ایک خاتون جاں بحق، ماں اور 8 سالہ بچی شدید زخمی ہو گئی، سمبڑیال میں موسلا دھا ربارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے 3بچیوں سمیت 7 افراد زخمی ہو گئے، وفاقی دارالحکومت میں بدھ کی علی الصباح موسلا دھار بارش سے بے نظیرچوک کے قریب کچے مکان کی چھت گرنے سے 3 کمسن بھائی جاں بحق ہوگئے جبکہ گولڑہ میں پلازہ کی چھت سے گرکر ایک مزدور زندگی کی بازی ہارگیا، راولپنڈی کے نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہونے پر پاک فوج کے دستے موقع پر پہنچ گئے اورالرٹ جاری کر دیا گیا۔

ادھر پشاور، سیالکوٹ، ڈسکہ اور جڑواں شہروں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہونا شروع ہو گئی جبکہ نشیبی علاقے زیر آب آ گئے، لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، دوسری جانب سندھ کے ضلع بدین میں100سے زائد اسکولوں میں گزشتہ دنوں ہونے والی بارش کا پانی اب تک جمع ہے اور موسم گرما کی تعطیلات ختم ہونے کے بعد متاثرہ اسکول نہ کھل سکے۔ بلوچستان کے شمال مشرقی علاقوں میں3 دن کے بعد بارش تھم گئی ہے تاہم کوہ سلیمان کے پہاڑی سلسلوں پر بارش سے پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی برقرار ہے، دریں اثنا محکمہ موسمیات نے گلگت بلتستان اور چترال میں گرمی کی شدت میں مسلسل اضافے کے باعث گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے سے سیلاب آنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے، محکمہ موسمیات نے آج اسلام آباد، لاہور، گوجرانوالہ، سرگودھا، پشاور ، مالاکنڈ سمیت خیبر پختونخوا، فاٹا ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
Load Next Story