الطاف حسین اورزرداری کا فون پر رابطہ بلدیاتی امور پر تبادلہ خیال

ایم کیوایم تمام زبانیں بولنے والوںکی جماعت ہے،ایم وی البیڈوکے عملے کے اہل خانہ سے گفتگو

ایم کیوایم تمام زبانیں بولنے والوںکی جماعت ہے،ایم وی البیڈوکے عملے کے اہل خانہ سے گفتگو۔ فوٹو ایکسپریس

متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین اور صدر زرداری کے درمیان جمعرات کی شب فون پر گفتگو ہوئی ہے، دونوں رہنمائوں نے پاکستان کو درپیش ملکی و بین الاقوامی چیلنجز، سیاسی حالات بالخصوص کراچی میں امن وامان کی صورتحال، بلدیاتی نظام کی بحالی اور دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

الطاف حسین نے صدر زرداری کو کراچی میں بھتہ مافیا کی جانب سے تاجروں، صنعتکاروں اور شہریوں سے بھتے کی وصولی، اغوا برائے تاوان کی وارداتوں سے شہریوں خصوصا کاروباری حلقوں میں پائی جانیوالی بے چینی سے آگاہ کیااور ان سے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے، الطاف حسین نے صدر سے کہا کہ بلدیاتی نظام کو بھی جلد سے جلد حتمی شکل دی جائے کیونکہ بلدیاتی نظام نہ ہونے سے عوام کو اپنے مسائل کے حل میں شدید پریشانیوں کا سامنا ہے۔

اس موقع پر صدر نے الطاف حسین کو یقین دلایا کہ کراچی میں بھتہ مافیا کی سرگرمیوںکو حکومت نے سختی سے نوٹس لیا ہے اور پرچی مافیا کی سرگرمیوں کو برداشت نہیں کیا جائیگا، صدرزرداری نے انھیں یہ بھی بتایا کہ بلدیاتی نظام کو جلد ہی بحال کردیا جائیگا اور اس سلسلے میں انھوں نے حکومت سندھ کو ہدات کردی ہے،دریں اثنا ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ ایم کیو ایم تمام زبانیں بولنے والوںکی جماعت ہے اوروہ تمام محروم ومظلوم عوام کے حقوق کیلیے جدوجہدکررہی ہے۔

یہ بات انھوں نے گورنرہاؤس کراچی میں صومالی قزاقوںکی قیدسے رہاہونے والے بحری جہازایم وی البیڈوکے پاکستانی عملے کے اہل خانہ سے ٹیلی فون پرگفتگوکرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العبادبھی موجودتھے ۔ صومالی قزاقوں کی قیدسے رہاہونے والے پاکستانی عملے کاتعلق کراچی کے علاوہ لاہور،فیصل آباد،جہلم ، گجرات،مانسہرہ اوردیرسے ہے۔ الطاف حسین نے تمام اہل خانہ کواپنی اورایم کیوایم کی جانب سے دلی مبارکبادپیش کی اورکہاکہ رمضان کے مبارک مہینے میں اللہ تعالیٰ نے آپ کویہ تحفہ دیاہے کہ آپ کے بچھڑے ہوئے پیارے آپ سے مل رہے ہیں۔


میں نے گورنرعشرت العبادکوخصوصی تاکیدکی تھی کہ جس طرح آپ نے پچھلی بار صومالی قزاقوںکی قیدمیں پھنسے پاکستانیوں اوردیگرافرادکی بازیابی کیلیے کوششیںکیں اسی طرح آپ ان مغویوں کی بازیابی کیلیے بھی کوششیںکریں۔انھوں نے مغویوں کی رہائی کے لیے کوششوں پرگورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد،سی پی ایل سی کے چیئرمین احمدچنائے اوران کی ٹیم کوزبردست شاباش اورمبارکبادپیش کی۔الطاف حسین نے کہاکہ بعض لوگ ایم کیوایم کوایک علاقے کی زبان بولنے والوں کی جماعت کہاکرتے ہیں لیکن ایم کیوایم کسی ایک زبان بولنے والوںکی جماعت نہیں بلکہ تمام زبانیں بولنے والوںکی جماعت ہے۔

وہ تمام زبانیں بولنے والوںکی بلاامتیازخدمت کی علمبرداراور سب سے محبت کرنے والی جماعت ہے۔اس موقع پرمانسہرہ سے تعلق رکھنے والے مجتبیٰ کی اہلیہ نے جناب الطاف حسین سے کہاکہ مجھے کہیں سے کوئی مددنہیں مل رہی تھی،عشرت بھائی نے میرے بچوں سے وعدہ کیاتھاکہ آپ کے باباکوواپس لاؤںگااورانھوں نے اپناوعدہ پوراکیا۔جہلم سے تعلق رکھنے والے احسن نویدکی والدہ نے الطاف حسین سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ پنجاب میں کسی نے ہمارے لیے کوشش نہیں کی۔

دیگر اہل خانہ نے بھی الطاف حسین سے اسی قسم کے جذبات کااظہارکیا۔الطاف حسین نے کہاکہ ہم نے کسی پر احسان نہیں کیابلکہ اپنے منشورپرعمل کرتے ہوئے مصیبت میں پھنسے پاکستانیوں کی بلاامتیازمددکی،اگرہمارے ہاتھ میں اختیارہو توہم بلوچستان، پنجاب، سندھ ، خیبرپختونخواکے بچھڑے ہوئے لوگوں کوان کے گھروالوں سے ملادیں۔الطا ف حسین نے مظلوم عوام کی دن رات بلاامتیازخدمت کرنے پرڈاکٹرعشرت العبادکو'' فخرمظلوم، فخرپاکستان''کے نام سے گولڈمیڈل دینے کا بھی اعلان کیا۔

دریں اثناالطاف حسین نے ایم کیوایم کے مرکزنائن زیروپررابطہ کمیٹی کے ارکان سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ ہماری کوشش ملک میں یکجہتی،ہم آہنگی اورامن واستحکام کی فضاکوپیداکرناہے کیونکہ یہی یکجہتی، ہم آہنگی اورامن واستحکام پاکستان کوبچائے گا،ہم کسی سے نفرت نہیں کرتے بلکہ سب سے پیار کرتے ہیں، سب کا احترام کرتے ہیں،ہم چاہتے ہیں ملک کی تمام نسلی ولسانی اکائیوں،تمام مذاہب اورتمام فقہوں اورمسلکوںکے ماننے والوں کے درمیان پیار،محبت،یکجہتی بڑھے،ایم کیوایم کی اسی پالیسی کی وجہ سے آج ہرمکتبۂ فکرسے تعلق رکھنے والے لوگ ایم کیوایم کے قریب آرہے ہیں۔
Load Next Story