پاکستان بدلنے کا نعرہ لگانے والے پنجاب درست نہیں کر سکے کائرہ

شہباز شریف نے جنگلا بس، دانش اسکولوں، تندور اسکیموں پر کئی ارب ضائع کیے، وزیر اطلاعات

شہباز شریف نے جنگلا بس، دانش اسکولوں، تندور اسکیموں پر کئی ارب ضائع کیے، وزیر اطلاعات۔ فوٹو: فائل

وفاقی وزیر اطلاعات قمر زماں کائرہ نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات آزادانہ، شفاف اورمنصفانہ ہوں گے۔

صدرزرداری کی سیاسی حکمت عملی کی وجہ سے جمہوری عمل کامیابی سے چل رہا ہے، شہبازشریف نے جنگلا بس، دانش سکولوں اورتندوراسکیموں پر کئی ارب روپے ضائع کردیے، نواز شریف نے سیف الرحمن سے مل کر صدر زرداری اور شہید بے نظیر بھٹو پرجھوٹے مقدمات بنائے۔ لالہ موسیٰ کی یونین کونسل چکوری بیلووال میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پاکستان کو بدلنے کا نعرہ لگانے والے پنجاب کو درست نہیں کرسکے وہ پاکستان کوکیا ٹھیک کریں گے۔ رائے ونڈ اور لندن میں محلات بنانے والے پاکستان نہیں بدل سکتے،پنجاب میں گڈگورننس کا دعویٰ کرنے والے بتائیں ینگ ڈاکٹرز احتجاج پرکیوں ہیں اور ان کی نوکریاں کیوں چھینی گئی ہیں۔




قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر شوکت بسرا پر پنجاب حکومت نے لاٹھی چارج کروایا جو انتہائی افسوسناک ہے۔ آئندہ انتخابات میں عوام ہمارا ساتھ دیں گے'پیپلزپارٹی بھاری اکثریت سے جیتے گی۔ آن لائن کے مطابق قمر کائرہ نے کہاکہ جمہوریت کے خلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیںگے انتخابات بروقت ہوںگے پنجاب حکومت ڈکٹیٹرشپ کے وطیرے پر عمل پیرا ہے عوام آئندہ الیکشن میں چوہدری نثار اور شہباز شریف کی گردن سے سریا نکال کر ان کے سر اﷲ کے حضور جھکائیںگے۔ این این آئی کے مطابق انھوں نے کہا کہ سندھ میں ن لیگ کاکوئی وجود نہیں۔ جنوبی پنجاب کے الگ صوبے کا مطالبہ ہمارا نہیں، جنوبی پنجاب کے عوام کا ہے، چوہدری نثارلڑائی والی ہم پیار والی سیاست کے حامی ہیں، نواز شریف چوہدری نثارکی باتوں میں نہ آئیں۔
Load Next Story