یو اے ای میں شدید گرمی کے باعث کھڑی گاڑیوں میں آگ بھڑکنے لگی

محکمہ شہری دفاع نے شہریوں کو حفاظتی اقدامات اختیار کرنے کی ہدایات جاری کردیں


ویب ڈیسک August 03, 2017
محکمہ شہری دفاع نے شہریوں کو حفاظتی اقدامات اختیار کرنے کی ہدایات جاری کردیں— فوٹو : فائل

متحدہ عرب امارات میں گرمی کی شدت اس قدر بڑھ گئی ہے کہ سڑک پر کھڑی گاڑیوں میں آگ بھڑکنا شروع ہو گئی ہے۔

خلیجی اخبار کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات میں ایک دن میں شدید گرمی کی وجہ سے گاڑیوں میں آتشزدگی کے دو واقعات سامنے آئے جس کے بعد حکام نے شہریوں کو حفاظتی اقدامات اختیار کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔ آگ لگنے کا پہلا واقعہ صبح ساڑھے 10 بجے ام القیون کے علاقے میں پیش آیا جب شہری انتظامیہ کو اطلاع ملی کہ الاتحاد روڈ پر کھڑی ایک گاڑی میں اچانک آگ بھڑک اٹھی ہے۔ اس کے بعد فائرفائٹرز کی ایک ٹیم فوری طور پر روانہ کی گئی جس نے آگ کو پھیلنے سے روک دیا۔

دوسرا واقعہ دبئی میں تقریباً صبح 11 بجے پیش آیا جب ابوظہبی سے دبئی میڈیا سٹی جانے والی منی بس میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ دبئی پولیس اور شہری دفاع کے حکام نے فوری طور پر شیخ زید روڈ کو بند کر کے بس میں لگی آگ کو بجھایا اور اس میں سوار 27 مسافروں کو بحفاظت نکال لیا۔ اس واقعے میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

محکمہ شہری دفاع کی جانب سے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی گاڑیوں کا باقاعدگی سے فٹنس ٹیسٹ کرائیں اور خاص طور پر گرمیوں میں گاڑیوں کا خاص خیال رکھا جائے کیوں کہ درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ گرمیوں میں روزانہ کی بنیاد پر گاڑی کا پانی اور درجہ حرارت چیک کریں، ایندھن ٹینک کا ڈھکن مضبوطی سے بند کریں تاکہ پٹرول لیک نہ ہو، دوران ڈرائیونگ سگریٹ پینے سے گریز کریں، ایندھن بھرواتے ہوئے انجن بند کردیں اور کار کے اندر ایروسول کینز اور دیگر آتش گیز مواد رکھنے سے گریز کریں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔