’’ہمارا پاکستان‘‘ کہنے پر بھارتی گلوکار میکا سنگھ مشکل میں پھنس گئے

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بھارتی صارفین نے گلوکار کو آڑے ہاتھوں لیا


ویب ڈیسک August 03, 2017
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بھارتی صارفین نے گلوکار کو آڑے ہاتھوں لیا۔ فوٹو: فائل

بھارتی گلوکار میکا سنگھ کو ''ہمارا پاکستان'' کہنا مہنگا پڑ گیا اور انہیں اپنے ملک کی عوام کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

میکا سنگھ 12 اور 13 اگست کو امریکی ریاست شکاگو اور ہیوسٹن میں کنسرٹ کرنے والے ہیں اور اسی سلسلے میں انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر اپنے مداحوں کو پیغام دیا۔ پیغام میں میکا سنگھ نے کہا کہ ''میرے ساتھ موج مستی کرنے کے لیے تیار ہو جائیں، ہیوسٹن اور شکاگو میں آرہا ہوں''۔

بعد ازاں میوزک کنسرٹ کے منتظمین نے میکا سنگھ کی ایک ویڈیو بھی ٹوئیٹر پر شیئر کی جس میں میکا سنگھ یہ کہہ رہے ہیں کہ ''میں پاکستان اور بھارت کا یوم آزادی منانے کے لیے کافی پرجوش ہوں، 15 اگست کو ہمارا ہندوستان آزاد ہوا تھا اور 14 اگست کو ہمارا پاکستان''۔ اس ویڈیو کو دیکھنے کے بعد بھارتی عوام سیخ پا ہوگئے اور انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر میکا سنگھ کو تنقید کا نشانہ بنانا شروع کر دیا۔ بھارتی میڈیا نے بھی میکا سنگھ پر شدید تنقید کی اور ''ہمارا پاکستان'' کہنے کے بعد انہیں آڑے ہاتھوں لیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔