چیئرمین پی سی بی شہریار خان ذمہ داریوں سے سبکدوش

شہریار خان کا بھارت سے باہمی سیریز اور ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا خواب پورا نہ ہوسکا۔


Sports Desk August 04, 2017
شہریار خان کا بھارت سے باہمی سیریز اور ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا خواب پورا نہ ہوسکا۔۔ فوٹو : اے ایف پی/فائل

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان اپنی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہو گئے.

پاکستان کے سابق سفارتکار شہریار خان نے 18اگست 2014 کو بطور چیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں اور ان کے عہدے کی معیاد 17 اگست 2017 کو ختم ہونا تھی لیکن نجم سیٹھی کو بورڈ کا نیا سربراہ منتخب کرانے کیلیے پھرتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے شہریار خان کی انگلینڈ میں موجودگی کے دوران 8 اگست کو ہی ان کی رخصتی کا پلان فائنل کر دیا گیا لیکن ہفتہ، اتوار کو چھٹی اور پیر کے دن غیر حاضری کے سبب آج عملی طور پر شہریار خان کا بورڈ کے ہیڈکوارٹرز قذافی سٹیڈیم میں آخری دن تھا۔

پاناما کیس کے بعد ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال میں نجم سیٹھی جلد از جلد پی سی بی کا انتخاب کروانے کے خواہاں ہیں، اس لئے شہریار خان کی 3 سالہ مدت پوری ہونے کا بھی وقت نہیں دیا گیا۔ پی سی بی انتخابات کیلیے الیکشن کمشنرکا تقرر ہوچکا، تمام مرحلے 9 اگست تک مکمل کرنے کا پلان تیار ہے۔

واضح رہے کہ شہریار خان کے دور میں پاکستان ٹیم پہلی بار عالمی ٹیسٹ رینکنگ میں نمبر ون بنی، چیمپئنز ٹرافی اپنے نام کی لیکن چیرمین کا بھارت کے ساتھ باہمی سیریز اور ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا خواب پورا نہ ہوسکا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔