پاکستان میں امن کی جنگ ہم سب نے ملکرلڑنی ہے احسن اقبال

ملک سے نفرت کا خاتمہ کریں گے اور امن کی جنگ کو فیصلہ کن مرحلے میں لے کر جائیں گے، وزیر داخلہ


ویب ڈیسک August 04, 2017
آپریشن ردالفساد کو کامیابی سے ختم کریں گے، احسن اقبال۔ فوٹو: فائل

وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم تبدیل ہوئے لیکن پالیسیاں وہی ہیں جب کہ پاکستان میں امن کی جنگ ہم سب نے ملکر لڑنی ہے اور ملک سے نفرت کا خاتمہ کرنا ہے۔

وزیر داخلہ احسن اقبال نے اسلام آباد میں نیشنل پولیس بیورو کا دورہ کیا، یادگارہ شہدا پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ دہشت گردوں کے کنٹرول میں پولیس کا اہم کردار ہے جب کہ اسلام آباد پولیس میں ماڈل پولیس اسٹیشنز کے ذریعے مثالی اصلاحات پیش کریں گے اور شہدا کے بچوں کو تعلیم اور صحت سمیت تمام سہولیات دی جائیں گی۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم تبدیل ہوئے لیکن پالیسیاں وہی ہیں، نوازشریف اور چوہدری نثار کے کام کو لے کر آگے جائیں گے اور وزیراعظم شاہد خاقان کہہ چکے ہیں کہ جتنے دن بھی رہے زیادہ کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملکوں کی ترقی کے لیے امن و استحکام ضروری ہوتا ہے اس لیے امن اور خوشحالی دونوں کے لیے اب کوشش کرنی ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان میں امن کی جنگ ہم سب نے ملکر لڑنی ہے، ملک سے نفرت کا خاتمہ کریں گے اور امن کی جنگ کو فیصلہ کن مرحلے میں لے کر جائیں گے جب کہ آپریشن ردالفساد کو کامیابی سے ختم کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماتحت اداروں کے سربراہوں کے ساتھ جلد میٹنگ کروں گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔