جنوبی پنجاب میں نیا صوبہ نہیں ہیرا پھیری کا منصوبہ بن رہا ہےنواز شریف

صدر زرداری دن میں ایک گھنٹہ عوام کے مسائل کے حل کے لئے صرف کرتے تو آج توانائی کا بحران نہ ہوتا۔


ویب ڈیسک February 11, 2013
ملک کی ترقی کے لئے کام کرنے والے کو یا تو پھانسی پر چڑھا دیا جاتا ہے یا پھر جبری ملک بدر کردیا جاتا ہے، نواز شریف۔ فوٹو : فائل

مسلم لیگ(ن) کے صدرنواز شریف کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کو جنوبی پنجاب صوبے سے کوئی دلچسپی نہیں وہ نیا صوبہ نہیں ہیرا پھیری اور افرا تفری کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔

رحیم یار خان کے علاقے محسن آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نوازشریف نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو کئی بار حکومت ملی اور صدر زرداری کی موجودہ حکومت کو 5سال ملے لیکن انہوں نے عوام کے لئے کچھ نہیں کیا، اگر صدر زرداری دن میں ایک گھنٹہ عوام کے مسائل کے حل کے لئے صرف کرتے تو آج توانائی کا بحران نہ ہوتا اورملک میں امن و امان کی صورت حال اس قدر خراب نہ ہوتی۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب کی طرح سندھ کے عوام بھی یہی کہتے ہیں کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے ان کے لئے کچھ نہیں کیا، عوام کے بنیادی مسائل تک حل نہیں کئے ، ہر جانب کرپشن اور لوٹ کھسوٹ ہے،کسانوں کا معاشی قتل کیا جارہا ہےاور ایسی کھاد کس کام کی جس کا آدھا پیسہ کمیشن کی شکل میں وزیروں کی جیب میں چلا جائے۔

صدرمسلم لیگ(ن) کا کہنا تھا کہ روٹی، کپڑا اور مکان کا نعرہ لگانے والوں نے اس کو تو پورا کیا نہیں اب نئے صوبے کا نعرہ لائے ہیں لیکن انہیں نئے صوبے سے کوئی دلچسپی نہیں، نیا صوبہ ان کے لئے ہیرا پھیری، لوٹ مار ، افرا تفری اور دوبارہ برسر اقتدار آنے کا منصوبہ ہے۔

نواز شریف کا مزید کہنا تھا کہ مسلم لیگ(ن) کو دو ، دو سال ہی اقتدار نصیب ہوا لیکن اس میں انہوں نے ملک کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کیا لیکن ملک کی ترقی کے لئے کام کرنے والے کو یا تو پھانسی پر چڑھا دیا جاتا ہے یا پھر جبری ملک بدر کردیا جاتا ہے۔ اگر آئندہ انتخابات کے نتیجے میں ان کی حکومت بنی تو روزگار کے وسائل پیدا کریں گے لیکن اس کےلئے عوام کو اپنی ذمہ داری پوری کرنا ہوگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں