سری نگر افضل گروکی پھانسی کیخلاف مظاہرےفائرنگ سے لڑکا جاں بحق

مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے حریت رہنما کو پھانسی دیئے جانے کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری ہے

افضل گرو کی پھانسی نے بات چیت کی سیاست کو دفن کر دیا اوربھارت نے ثابت کردیا کہ وہ کشمیریوں کے ساتھ جنگ پر آمادہ ہے، میرواعظ عمرفاروق فوٹو: رائٹرز

مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنما افضل گرو کو پھانسی دینے کے خلاف احتجاجی مظاہروں میں بھارتی سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے ایک لڑکا جاں بحق ہو گیا۔

افضل گرو کی پھانسی کے خلاف ہونے والے مظاہرے کے دوران بھارتی سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے 12 سال کا عبید مشتاق شدید زخمی ہو گیا تھا جسے علاج کے لئے سری نگر کے ایک اسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، عبید مشتاق کی نمازجنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی بعد ازاں انہیں ان کے آبائی گاؤں میں سپردخاک کردیا گیا، سری نگرپولیس کے افسر کے مطابق واقعے کی ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ عبید مشتاق بھارتی پیرا ملٹری فورسز کی فائرنگ سے جاں بحق ہوا۔


بھارت میں افضل گرو کو پھانسی دیئے جانے کے خلاف مقبوضہ کشمیر میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے،نئی دہلی میں نظربند حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق نے بی بی سی سے انٹرنیٹ پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افضل گرو کی پھانسی نے بات چیت کی سیاست کو دفن کر دیا ہے اوربھارت نے ثابت کردیا ہے کہ وہ کشمیریوں کے ساتھ جنگ پر آمادہ ہے۔

دوسری جانب مقبوضہ کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبدااللہ نے کہا کہ اس واقعے سے وادی میں مزید کشیدگی بڑھنے کا خدشہ ہے۔

Recommended Stories

Load Next Story