بھارتی حکومت نے پارلیمنٹ پر حملے کے الزام میں سزائے موت پانے والے کشمیری رہنما افضل گرو کا جسد خاکی ان کے لواحقین کے حوالے کرنے سے انکار کردیا۔
نئی دہلی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے بھارتی وزیر داخلہ سشیل کمار شیندے کا کہنا تھا کہ افضل گرو کے جسد خاکی کو ان کے لواحقین کے حوالے نہیں کیا جائے گا تاہم افضل گرو کی ذاتی اشیا کو قانونی تقاضے پورے ہونے کے بعد ان کے سپرد کردیا جائے گا، بھارتی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اگر افضل گرو کے اہل خانہ چاہیں تو تہاڑ جیل میں ان کی قبر پر فاتحہ خوانی کے لئے آسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ افضل گرو کو 2001 میں بھارتی پارلیمنٹ پر حملے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا انہیں 3 روز قبل بھارت کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں پھانسی دے دی گئی تھی۔ ان کی ہلاکت کے بعد مقبوضہ وادی میں سوگ کا سماں ہے۔