لیجنڈ اداکارہ شمیم آرا کی پہلی برسی

شمیم آرا نے اپنے دور میں ہر ہیرو کے ساتھ کام کیا لیکن ان کی جوڑی وحید مراد کے ساتھ بہت پسند کی گئی


ویب ڈیسک August 05, 2017
شمیم آرا نے اداکاری میں 6 نگار ایوارڈ کے ساتھ ہدایت کاری میں بھی3 نگار ایوارڈ حاصل کیے؛فوٹوفائل

پاکستانی فلم انڈسٹری کی متعدد فلموں میں اپنی شانداراداکاری سے مداحوں کومحظوظ کرنے والی اداکارہ و ہدایت کارہ شمیم آراء کی پہلی برسی آج منائی جا رہی ہے۔

1938 میں ہندوستان میں آنکھ کھولنے والی شمیم آر کا اصلی نام ''پتلی بائی'' تھا، کون کہہ سکتا تھا کہ پتلی بائی مستقبل کی شمیم آراء بن کر فلمی دنیا پر راج کرے گی۔ شمیم آراء نے اداکاری اورپھر ہدایت کاری کے ذریعےنہ صرف لاکھوں دلوں پر راج کیا بلکہ فلمی دنیا میں بھی اپنی محنت اور قابلیت کا لوہا منوایا۔



شمیم آرا کی پہلی سپر ہٹ فلم ''سہیلی'' تھی جس نے انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچایا، بعد ازاں انہوں نے اپنی محنت کے بل بوتے پر درجنوں فلموں میں کامیابی سمیٹی جن میں انارکلی ، کنواری بیوہ، فرنگی، ہمراز، آگ کا دریا ، آنچل اور قیدی شامل ہیں، یہ فلمیں آج بھی لوگوں کے ذہنوں پر نقش ہیں، شمیم آرا نے اپنے دور میں ہر ہیرو کے ساتھ کام کیا لیکن ان کی جوڑی چاکلیٹی ہیرو وحید مراد کے ساتھ بہت پسند کی گئی۔



شمیم آرا کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ پاکستان کی پہلی رنگین فلم ''نائلہ'' میں انہوں نے اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے،اس کے علاوہ انہیں پاکستان کی پہلی کامیاب خاتون ہدایت کارہ ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے جب کہ انہوں نے اداکاری میں 6 نگار ایوارڈ کے ساتھ ہدایت کاری میں بھی 3 نگار ایوارڈ حاصل کیے۔


شمیم آرا گزشتہ سال آج ہی کے دن طویل علالت کے بعد لندن کے اسپتال میں انتقال کر گئی تھیں، جہاں وہ اپنے بیٹے سلمان کریم مجید کے ساتھ رہائش پذیر تھیں، تاہم وہ اپنے چاہنے والوں کے دلوں میں آج بھی زندہ ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں