اورنگی میں فطرہ نہ دینے پر 2 افراد قتلایک زخمی

شاہدسے40ہزارروپے فطرہ طلب کیاگیاتھا،تلخ کلامی کے بعد ملزمان نے فائرنگ کردی


Staff Reporter August 03, 2012
شاہدسے40ہزارروپے فطرہ طلب کیاگیاتھا،تلخ کلامی کے بعد ملزمان نے فائرنگ کردی. فائل فوٹو

BRAZIL: پاکستان بازار اورنگی ٹاؤن میں فطرہ نہ دینے پر2افراد کو قتل کردیا گیا،فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا، واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی مشتعل افراد نے سیاسی جماعت کے دفتر پر حملہ کردیا اور توڑ پھوڑ کے بعد دفتر کا سامان نکال کر پھینک دیا اور شدید ہوائی فائرنگ بھی کی گئی، پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے علاقے میں گشت شروع کردیا۔

ایس ایچ او پاکستان بازار راجہ الفت کے مطابق اورنگی ٹاؤن رحمت چوک کے قریب رہائش پذیر 22سالہ شاہد ولد عبدالمفید سے ایک گروپ کی جانب سے40ہزار روپے فطرہ طلب کیا تھا جس پر شاہد کی فطرہ مانگنے والے گروپ کے کارکنوں سے تلخ کلامی ہوگئی اس دوران فائرنگ سے شاہد،12سالہ ازلال رسول ولد تجمل اور دانش سلیم شدید زخمی ہوگئے زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال لے جایا گیا جہاں دوران علاج22 سالہ شاہد اور12سالہ ازلال رسول زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگئے۔

واقعے کے بعد علاقے میں سخت کشیدگی پھیل گئی مشتعل افراد نے فائرنگ کرنے والے افراد کے خلاف احتجاج کیا اور سڑکوں پر ٹائر جلائے،مشتعل افراد نے سیاسی جماعت کے دفتر پر حملہ کردیا اور فائرنگ بھی کی، مشتعل افراد نے دفتر سے تمام سامان نکال کر سڑک پر پھینک دیا اور شدید نعرے لگائے،ایس ایچ او پاکستان بازار راجہ الفت نے بتایا کہ واقعہ فطرہ نہ دینے پر پیش آیا ہے مقتول شاہد کے اہل خانہ نے تاحال مقدمہ درج نہیں کرایا ہے انھوں نے بتایا کہ دونوں مقتولین کی نماز جنازہ اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے گیارہ مسجد عثمان میں ادا کی گئی۔

نماز جنازہ میں متحدہ قومی موومنٹ کے رکن سندھ اسمبلی منظر امام اور سیف الدین خالد بھی موجود تھے اس موقع پر نماز جنازہ کے شرکاء نے شدید نعرے بازی کی اور قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا بعد ازاں مقتولین کو اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے گیارہ اسٹار گراؤنڈ قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا،پولیس ذرائع کے مطابق مقتول شاہدگارمنٹس کاکاروبار کرتا تھا اور سیکٹر ساڑھے گیارہ کا رہائشی تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں