سرکاری رازمیڈیا میں لانے والوں کو نہیں چھوڑیں گے ٹرمپ انتظامیہ

قومی سلامتی کے نام پر میڈیا کے خلاف اقدامات کرتے ہوئے ٹرمپ اپنے مخالفین کا منہ بند کرانا چاہتے ہیں، ناقدین


ویب ڈیسک August 05, 2017
امریکی اخبارات نے ڈونلڈ ٹرمپ کی دیگر سربراہانِ مملکت سے ٹیلی فونی گفتگو کا پورا متن شائع کردیا ہے جس پر ٹرمپ انتظامیہ شدید غصے میں ہے۔ (فوٹو: فائل)

امریکی اٹارنی جنرل جیف سیشنز نے گزشتہ روز پریس کانفرنس میں اعلان کیا ہے کہ جو صحافی خفیہ سرکاری معلومات میڈیا پر دنیا کے سامنے لاتے ہیں ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

یہ اعلان انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور مختلف سربراہانِ مملکت کے مابین ٹیلی فونی گفتگو کا متن اخبارات میں شائع ہونے کے ایک دن بعد کیا ہے کیونکہ ان ''سرکاری رازوں'' کے افشاء ہونے سے امریکی صدر کی ساکھ کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

متن کے مطابق ٹرمپ نے آسٹریلوی وزیراعظم میلکم ٹرن بل کے ساتھ سخت لہجے میں بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ پناہ گزینوں کے معاملے میں ٹرمپ انتظامیہ کے مؤقف کی مخالفت ان کےلیے مسائل کھڑے کردے گی۔ دوسری گفتگو کا متن ٹرمپ اور ان کے میکسیکن ہم منصب اینریک پینانیتو کے بارے میں ہے جس میں ٹرمپ نے بظاہر مذاق کرنے والے انداز میں میکسیکو کے صدر کو تنبیہ کی تھی کہ وہے امریکا اور میکسیکو کی درمیانی سرحد پر دیوار تعمیر کرنے کے امریکی منصوبے کی مخالفت سے باز رہیں۔

اس متن کے بارے میں سیشنز کا کہنا تھا کہ یہ ''خفیہ سرکاری گفتگو'' تھی اور وہ صدر ٹرمپ کی جانب سے ''راز افشاء ہونے کے معالے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں'' جبکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کےلیے انہوں نے صحافیوں اور میڈیا اداروں کے خلاف ممکنہ کارروائیوں کا عندیہ بھی ظاہر کیا۔

پریس کانفرنس میں سیشنز نے بتایا کہ سابق براک اوباما کے دورِ صدارت کے مقابلے میں ٹرمپ انتظامیہ نے ''میڈیا لیکس'' کے خلاف تفتیش میں تین گنا اضافہ کردیا ہے تاکہ خفیہ سرکاری معلومات کو ذرائع ابلاغ کے ہاتھوں میں پہنچنے سے بچایا جاسکے۔

ذرائع ابلاغ پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے جیف سیشنز نے کہا کہ کسی کو بھی یہ اجازت نہیں ہونی چاہیے کہ وہ ذاتی لڑائی کی خاطر میڈیا میں حساس سرکاری معلومات کا انکشاف کرتا پھرے۔

واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ امریکی میڈیا سے بطورِ خاص نالاں ہیں جو آئے دن نہ صرف ٹرمپ اور ان کے خاندان بلکہ ان کی سیاسی جماعت ری پبلکن پارٹی کے خلاف خبریں اور انکشافات شائع کرتا رہتا ہے۔

امریکی سیاسی ناقدین کا کہنا ہے کہ قومی سلامتی کے نام پر میڈیا کے خلاف راست اقدامات کرتے ہوئے ٹرمپ اپنے مخالفین کا منہ بند کرانے میں اہم پیش رفت کرسکتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں