عائشہ گلالئی کو قتل کرکےعمران کو پھنسوانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے جمشید دستی

جیل میں روزے کی حالت میں دی گئی بددعاؤں کی وجہ سے آج نواز شریف اسمبلی سے باہر ہیں، جمشید دستی

پیپلزپارٹی کو میں نے نہیں بلکہ پیپلزپارٹی نے مجھے چھوڑا، جمشید دستی فوٹو: فائل

لاہور:
رکن قومی اسمبلی جمشید دستی نے کہا ہے کہ عمران خان کے خلاف عائشہ گلالئی کی شکل میں ایک بہت بڑی سازش ہورہی ہے اورحکمرانوں نے عائشہ کو قتل کرکے عمران خان کو پھنسوانے کا منصوبہ بنارکھا ہے۔

ملتان میں پریس کانفرنس کے دوران رکن قومی اسمبلی جمشید دستی نے کہا کہ سرائیکی علاقے سے تعلق رکھنے والے وفاقی وصوبائی وزرا کی اوقات ایک خاکروب جیسی ہے، سرائیکی خطہ سے ایک ہی آواز ہے جس سے نواز شریف بھی اسمبلی میں ڈرتے ہیں اورہے جمشید دستی کی آواز۔ اسی لیے مجھے گرفتاری کے بعد پندرہ روز ڈیڈ سیل میں رکھا اور ذہنی و جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا گیا، جیل میں روزے کی حالت میں دی گئی بددعاؤں کی وجہ سے آج نواز شریف اسمبلی سے باہر ہیں اور میں دوبارہ اسی اسمبلی میں ہوں۔


عائشہ گلالئی کی جانب سے عمران خان پر لگائے گئے الزامات پر جمشید دستی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے عائشہ کو اتنی عزت دی، انہیں قومی اسمبلی کا رکن بنوایا لیکن وہ 5 کروڑ روپے میں بک گئی۔ عمران خان کے خلاف عائشہ گلالئی کی شکل میں ایک بہت بڑی سازش ہورہی ہے، حکمرانوں نے عائشہ کو قتل کر کے عمران کو پھنسوانے کا منصوبہ بنارکھا ہے۔

سرائیکی صوبے کے حوالے سے جمشید دستی نے کہا کہ ملک کو اگرخونی انقلاب سے بچانا ہے توسرائیکی صوبہ بننا چاہیے، جو سرائیکی صوبے کی مخالفت کر ے گا وہ اپنی سیاست خود ختم کر لے گا۔ میں خطے میں عملی تبدیلی کا پہلا قطرہ بنا، آج بھی غر یبو ں کے جوتے پالیش کرتا ہوں اور ریڑھی پر بیٹھتا ہوں، میں روایتی سیاستدانوں کو لوگوں کے جوتے منہ میں لینے پر مجبور کردوں گا، عمران خان کا دل سے احترام کرتا ہوں مگر مصطفی کھراورمعظم جتوئی جیسے وڈیروں کا مقابلہ کروں گا، پیپلز پارٹی کو میں نے نہیں بلکہ پیپلز پارٹی نے مجھے چھوڑا، میں نے آصف زرداری سے کہا تھا کہ پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب سے ختم ہو جائے گی، اگر بچے گا تو صرف جمشید دستی بچے گا۔
Load Next Story