عامرخان نے فریال کی جانب سے تنازع ختم کرنے کی پیش کش مسترد کردی

عامر خان نے تنازع ختم کرنے کی پیش کش مسترد کرتے ہوئے ٹیکسٹ میسج پر فریال کو طلاق دیدی، برطانوی میڈیا


ویب ڈیسک August 05, 2017
عامر خان کی طرف سے ویڈیو پیغام میں علیحدگی کی تصدیق کے بعد فریال نے خاموشی اختیار کرلی ہے . فوٹو : فائل

KARACHI: عالمی شہرت یافتہ باکسر عامر خان نے ویڈیو پیغام کے ذریعے فریال مخدوم سے علیحدگی کی تصدیق کرتے ہوئے ٹویٹر اکاؤنٹ ہیک ہونے کا دعویٰ مسترد کردیا۔

پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے گزشتہ روز ٹویٹر پر اپنے اور اپنی اہلیہ فریال مخدوم کے درمیان علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہمارے راستے اب جدا ہو چکے ہیں، انہوں نے فریال سے علیحدگی کی وجہ ایک اور بین الاقوامی باکسر اینتھونی جوشوا کو قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ فریال ہمیشہ اینتھونی کے ساتھ رہنا چاہتی تھیں۔

دوسری جانب اینتھونی جوشوا نے فریال کے ساتھ تعلقات کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ مجھے لگتا ہے کسی نے عامر خان اور فریال کا ٹویٹر اکاؤنٹ ہیک کرلیا ہے، اینتھونی کی اس ٹویٹ کے بعد میڈیا میں یہ خبریں گردش کررہی تھیں کہ عامر خان کا اپنی اہلیہ سے علیحدگی کا فیصلہ غلط ہے کیونکہ ان کے ٹویٹر اکاؤنٹ ہیک کر لیے گئے ہیں، تاہم اب عامر خان نے ایک ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ میرا اور فریال کا اکاؤنٹ کسی نے ہیک نہیں کیا تھا، ہم دونوں کے درمیان علیحدگی کا فیصلہ بالکل صحیح ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں :عامر خان کا اہلیہ سے علیحدگی اختیار کرنے کا فیصلہ

برطانوی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ فریال کی جانب سے عامر کو موبائل فون پر تنازع ختم کرنے کی پیش کش کی گئی جسے عامر نے مسترد کر دیا اور ٹیکسٹ میسج کے ذریعے فریال کو طلاق بھی دی۔

عامر خان کی طرف سے ویڈیو پیغام میں علیحدگی کی تصدیق کے بعد فریال نے خاموشی اختیار کرلی ہے، انہوں نے صرف ایک ٹوئٹ کی جس میں صرف ایک لفظ صبر لکھا، اس کو بھی باقی ٹوئٹس کی طرح نصف گھنٹے بعد ڈیلیٹ کر دیا۔



عامر خان کے اہلخانہ نے الزام لگایا ہے کہ فریال بہت لالچی اور عامر کی دولت ہڑپ کرنا چاہتی تھی، فریال کے انتخاب کا فیصلہ غلط تھا، عامرکو بھی اب یہ احساس ہو گیا ہے کہ ہم ٹھیک کہتے تھے۔

واضح رہے کہ فریال اور عامر کے درمیان گزشتہ کافی عرصے سے کشیدگی جاری تھی جبکہ فریال نے عامر کے گھر والوں پر تشدد کا الزام بھی لگایا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں