قوم کی حمایت سے پرامن پاکستان کی طرف بڑھ رہے ہیں سربراہ پاک فوج

پرامن پاکستان میں ریاست کی عملداری اور قانون کی بالا دستی سب سےاوپر ہوگی، جنرل قمر جاوید باجوہ


ویب ڈیسک August 05, 2017
دہشت گردوں کے کئی ٹھکانے تباہ کردیئے گئے ہیں،آرمی چیف فوٹو: آئی ایس پی آر

پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ قوم کی حمایت سے پرامن پاکستان کی طرف بڑھ رہے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے خیبرایجنسی کی وادی راجگل کا دورہ کیا۔ کورکمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل نذیر احمد بٹ اور آئی جی ایف سی میجرجنرل شاہین مظہر محمود بھی آرمی چیف کے ہمراہ تھے ۔ اس موقع پر انہیں آپریشن خیبر4 کی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ جس میں بتایا گیا کہ دہشت گردوں سے 90 فیصد سے زائد علاقہ کلیئر کرا لیا گیا ہے۔

اس موقع پر جنرل قمر جاوید باجوہ نے دہشت گردوں کے خلاف کامیابیاں حاصل کرنے پر پاک فوج اور فضائیہ کی تعریف کی، دہشتگردوں کےٹھکانوں کومہارت سے نشانہ بنانے پر جوانوں کوسراہا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ملک میں دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خلاف کامیابیوں پر قوم کی توقعات پر پورا اترے ہیں۔ اللہ کا شکر ہے کہ جس نے پاک فوج کو قوم کی توقعات پر پورا اترنے کے قابل کیا۔



سربراہ پاک فوج کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے کئی ٹھکانے تباہ کردیئے گئے ہیں، خیبر ایجنسی کو جلد دہشت گردوں سے پاک کرادیں گے، ہم ایک پرامن پاکستان کی طرف گامزن ہیں۔ پرامن پاکستان میں ریاست کی عملداری اور قانون کی بالا دستی سب سےاوپر ہوگی اور ہر پاکستانی ملک کی ترقی و خوشحالی میں اپنا مثبت کردار ادا کرے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں