بھارتی بجلی کی درآمداکتوبر تک کنکٹنگ پوائنٹ بنانے پر اتفاق

بھارتی وفد کے اسلام آباد میں مذاکرات، آج لاہور میں نیشنل...

بھارتی وفد کے اسلام آباد میں مذاکرات، آج لاہور میں نیشنل ٹرانسمیشن کمپنی سے بھی ملے گا

RAWALPINDI:
پاکستان اور بھارت نے بجلی کی تجارت کیلیے جاری مذاکرات میں500 میگاواٹ بجلی کیلیے اپنی اپنی سرحدوں کے اندر کنکٹنگ پوائنٹ اکتوبر تک قائم کرنے پر اتفاق کیا ہے، اس ضمن میں دونوں ممالک کے ماہرین کے گروپ کے درمیان مذاکرات جمعرات کو اسلام آباد میں ہوئے جس میں بھارتی وزارت پانی و بجلی کے جوائنٹ سیکریٹری ٹرانسمیشن کی سربراہی میں 6 رکنی وفد نے شرکت کی۔


پاکستان کی جانب سے وزارت پانی و بجلی کے جوائنٹ سیکریٹری پاور کی سربراہی میں وفد نے مذاکرات میں حصہ لیا۔ سرکاری اعلامیے کے مطابق مذاکرات میں بھارت سے 500 میگاواٹ درآمد کرنے کیلیے بھارتی گرڈ اسٹیشن سے پاکستانی گرڈ اسٹیشنز منسلک کرنے کیلیے پیرا میٹرز طے کیے گئے اور آئندہ اکتوبر تک اسے حتمی شکل دی جائے گی۔ اجلاس میں بجلی کی تجارت کیلیے دونوں ممالک کے ماہرین کے درمیان آئندہ مذاکراتی دور اکتوبر میں نئی دہلی میں ہوگا۔

بھارتی وفد آج جمعے کو نیشنل ٹرانسمیشن ڈسپیچ کمپنی کے حکام سے لاہور میں مذاکرات کریگا۔ بھارتی وفد نے وفاقی سیکریٹری پانی و بجلی ظفر محمود ملک سے بھی ملاقات کی جس میں دو طرفہ تجارت کو آگے بڑھانے پر زور دیا گیا ہے۔مانیٹرنگ ڈیسک کے مطابق مذاکرات میں پاکستان اور بھارت نے ٹرانسمیشن لائن پر اپنی اپنی فزیبیلیٹی رپورٹ تیار کرنے پر اتفاق کیا۔ ہے۔ ٹرانسمیشن لائن کی سرمایہ کاری دونوں ممالک اپنے اپنے ذاتی خرچ پر کریں گے۔
Load Next Story