عامر کیساتھ مختلف کردار نبھا رہی ہوں آئٹم سانگ پر یادگار پرفارمنس ہوگی کترینہ

عمدہ رقص کے ساتھ اپنی انفرادیت کو برقرار رکھنے کے لیے کوشاں رہوں گی،۔کترینہ کیف


Showbiz Desk February 11, 2013
عامر خان کے ساتھ پرفارم کرکے خوشی ہوئی،کترینہ کیف فوٹو: فائل

بالی وڈ اداکارہ کترینہ کیف نئی فلم ''دھوم تھری''میں عامر خان کے ساتھ جلوہ گرہونگی ۔

کترینہ کیف فلم میں لیڈنگ لیڈی رول نبھارہی ہیں، اداکارہ نے آئٹم سانگ کی شائقین پر دھاک بٹھانے کے لیے پھر تیاری کرلی ۔ادھر مسقط میں ہونیوالے گرینڈ شو میں بھی کترینہ شاہ رخ خان کے ساتھ پرفارم کرنے کے لیے تیار ہیں۔ اداکارہ کا کہنا ہے کہ نئی فلموں میں نئے ڈھنگ کے ساتھ نظر آؤں گی ،عمدہ رقص کے ساتھ اپنی انفرادیت کو برقرار رکھنے کے لیے کوشاں رہوں گی۔ اداکارہ نے بتایا کہ رواں سال کرسمس کے موقع پر ریلیز ہونے والی فلم کے گیتوں پر پرفارمنس بھی یادگار ہوگی ۔

اس فلم میں خصوصی پرفارمنس کے لیے انتہائی مشکل رقص سیکھنے کے لیے باقاعدہ تربیت بھی حاصل کرنے کا سلسلہ شروع کررکھا ہے جو کئی مہینوں تک محیط ہے ۔28سالہ اداکارہ کترینہ کیف نے کہا ہے کہ ''دھوم تھری ''میں مختلف کردار ہے اس میں آئٹم سانگ کے لیے بڑی محنت کی جارہی ہے اس میں میری پرفارمنس یادگار ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ حال ہی میں ریلیز ہونے والی یش چوپڑا کی آخری فلم میں پرفارم کرنے کا اعزاز ملا ہے،فلم نے باکس آفس پر بھی کامیابی کے ریکارڈ قائم کیے اس کا زبردست رسپانس ملنے پر بہت خوشی ہوئی ہے ۔نئی فلم میں اپنے رقص سے شائقین کو مدہوش کرنے کا ارادہ رکھتی ہوں۔ اداکارہ کا کہنا ہے کہ سیکھنے کا سلسلہ جاری ہے اور فنکار عمر بھر ہی سیکھتا رہتا ہے ۔نئی فلم کے نئے کردار اور نئے انداز سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملتا ہے۔



اس فلم میں عامر خان اور میری پرفارمنس ذرا مختلف ہوگی فلم میں اپنے کردار کو خوبی سے نبھانے کی کوشش کی ہے ۔بالی وڈ اداکارہ نے بتایا کہ پہلے تمام آئٹم سانگ سے اس فلم کا آئٹم سانگ مختلف ہوگا اور اس گیت پر میری پرفارمنس بھی شاندار ہوگی جو شائقین کے لیے انتہائی دلچسپی کا باعث بنے گی ۔ نئی فلم بھی کچھ ہٹ کر بنائی گئی ہے اور اس میں بالی وڈ اسٹار عامر خان کا کردار بالکل مختلف ہوگا ،پریتم نے انتہائی دلکش انداز میں اس فلم کے لیے میوزک تیار کرکے دل موہ لیے ہیں ۔انھوں نے کہا کہ اس حوالے سے خود کو بہت ہی خوش قسمت سمجھتی ہوں اگر اس کا آخری گیت بھی یش جی کی خواہش کے مطابق عکسبند ہوجاتا تو فلم کے یہ لمحے بھی امر ہوجاتے ۔

انھوں نے کہا کہ نئی فلم میں میں اب نیا انداز اختیار کررہی ہوں فلم ''دھوم تھری''میں آئٹم سانگ کی تیاری کرلی ہے اس فلم کے لیے آئٹم سانگ کو یادگار بنانے کی ٹھان لی ہے ۔اس میں ایکو ڈانسنگ کرتی ہوئی دکھائی دوں گی یہ نہایت مشکل اسٹائل ہے اور اسے سیکھنے کے لیے ماہرین کی خدمات حاصل کرنا پڑیں ۔انھوں نے بتایا کہ اس میں کلاسیکل ڈانسنگ کے ساتھ ایروبیٹکس کا استعمال ہونے کے سبب یہ رقص بہت مشکل ہوگیا ہے ۔انھوں نے کہا کہ عامر خان بہت اچھے اداکار ہیں ان کے ساتھ کام کرکے خوشی ہوئی ہے ۔ان کی پرفارمنس بڑی عمدہ ہے اور ان سے بہت متاثرہوں ۔انھوں نے کہا کہ مداحوں کی جانب سے مختلف کردار وں میں پسند کیے جانے پر ان کی ممنون ہوں۔عامرخان کے ساتھ یہ فلم رواں سال 25 دسمبر کوسینماگھروں کی زینت بنائی جائے گی۔

واضح رہے کہ 16جولائی 1984کو ہانگ کانگ میں پیدا ہونے والی برطانوی شہریت کی حامل اداکارہ کترینہ نے بھارت کا سفر ورک ویزے پر کیا ۔اداکارہ کے کشمیر سے تعلق رکھنے والے بھارتی والد محمد کیف جب کہ ماں انگریز تھیں اور بچپن میں ہی والدین طلاق کے وار سے الگ ہوگئے۔ اداکارہ کے خاندان نے ہانگ کانگ سے چین کا سفر کیا پھر جاپان چلے گئے اور وہاں سے بھی جب کترینہ کی عمر صرف آٹھ برس کی تھی فرانس منقتل ہوگئے ۔پھرکچھ مہینے یورپ کے کچھ شہروں میں مقیم رہے ۔کترینہ کے اہل خانہ ہوائی میں بھی قیام پذیر ہوئے اور وہاں سے بالاآخر اپنی ماں کے آبائی ملک برطانیہ منقل ہوگئیں۔کترینہ کا بھارت آنے سے قبل لندن میں قیام صرف تین برس ہی رہا ۔تاہم ماں کی وجہ سے انھیں شہریت ملی اور سمجھا یہی جاتا ہے کہ کترینہ لندن میں پیدا اور جوان ہوئیں۔

اسی تناظر میں کترینہ کے کانگریس کے لیڈر راہول گاندھی کے بارے میں ان کے اس بیان جسمیں انھوں نے راہول گاندھی کو آدھا ہندوستانی قرار دیا پر ایک نئی سیاسی بحث بھی چھڑی اور آخر کار اداکارہ کو معذرت کرنا پڑی۔کترینہ کیف کی پہلی فلم ''بوم بوم''2003میں ریلیز ہوئی جس نے باکس آفس پر کامیابی حاصل کرلی ۔اداکارہ نے کئی فلموں میں آئٹم سانگ کرکے اپنے فن کی دھاک بٹھائی ۔کئی بار فلم فیئر ایوارڈز کے لیے نامزدگی ہوئی ۔اب اداکارہ کی نئی ایکشن فلم ''دھوم تھری ''مکمل کی جارہی ہے جب کہ اس کے ساتھ ہی ان کی ایک اورریمیک فلم ''ڈے اینڈ نائٹ ''بھی رواں ماہ میں ریلیز کی جائے گی ۔

دریں اثناء مسقط میں کترینہ کی لائف پرفارمنس کے حوالے سے آرگنائزر راجیو چوہدری نے کہا ہے کہ کل ہونیوالے شو میں کترینہ کی پرفارمنس دیکھنے کے لیے شائقین کی کثیر تعداد ہوگی ۔اداکارہ نے اس حوالے سے بڑی اچھی تیاری کررکھی ہے ۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں