یونس پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ کیس پر افسردہ

پی سی بی ایسے لوگوں کو سامنے لائے جو ڈومیسٹک کرکٹ بہتربناسکیں،سابق قائد

ملک کے تمام شہروں میں انٹرنیشنل کرکٹ ہونی چاہیے،سیاست کیلیے ان فٹ ہوں۔ فوٹو: فائل

یونس خان نے کہا ہے کہ پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ کیس پر بیحد افسردہ ہوں۔

گزشتہ روز پشاور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے یونس خان نے کہا کہ پی ایس ایل پر اسپاٹ فکسنگ کا دھبہ نہیں لگنا چاہیے تھا،مجھے اس پر بیحد دکھ ہوا، انھوں نے کہا کہ لاہور کے ساتھ دیگر شہروں میں بھی لیگ کے میچز کرائے جائیں تو نوجوان کرکٹرز میں جذبہ بیدار ہوگا۔

موجودہ سیاسی ماحول کے تناظر میں ایک سوال پر یونس خان نے کہاکہ مجھے نہیں لگتا کہ میرا مستقبل سیاست میں اچھا ہوسکتا ہے،کرپشن سے ملک اور ادارے سب متاثر ہوتے ہیں۔ پاکستان میں کرکٹ کے فروغ کیلیے اپنی خدمات جاری رکھنے کا اعلان کیا، انھوں نے کہا کہ اس کھیل سے ہم نے دنیا بھر کو امن کا پیغام دیا، مجھے سب سے بڑی خوشی یہ ہے کہ میں پاکستان کرکٹ سے تعلق رکھتا ہوں، اپنے ملک پر میری جان بھی قربان ہے۔


یونس خان نے کہاکہ کھیل کوفروغ دینے کیلیے گراس روٹ لیول پرکام کیا جانا بہت ضروری ہے، میں خود بھی کرکٹ کی ترقی کیلیے اپنا کردار ادا کرتا رہوں گا، پی سی بی ایسے لوگوں کو سامنے لائے جو ڈومیسٹک کرکٹ کو بہتربنا سکیں۔

سابق کپتان نے مزید کہاکہ شہریار خان نے بطور پی سی بی چیئرمین اپنے عہدے کی مدت پوری کرلی، وہ مبارکباد کے مستحق ہیں کہ ان کے دور میں پاکستانی ٹیسٹ ٹیم نمبر ون بنی۔

 
Load Next Story