تیسرے آپشن کی بات کشمیر پالیسی سے انحراف ہےعبدالواسع

سیاست دان حکمرانی کیلیے پاکستان ہی نہیں اپنا ایمان بھی قربان کر سکتے ہیں

عبدالواسع کا کہنا تھا کہ ہمارے سیاستدان کہتے ہیں کہ کشمیر کے معاملے پر پاکستان کو قربان نہیںکیا جا سکتا۔ فوٹو: فائل

حزب المجاہدین پاکستان کے معاون نائب امیر کمانڈر عبدالواسع نے کہا ہے کہ کشمیری عوام پاکستان کے ساتھ الحاق چاہتے ہیں، وزیراعظم کی جانب سے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے تیسرے آپشن کی بات کرنا پاکستان کی کشمیر پالیسی سے انحراف ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے جماعت اسلامی حیدرآباد کے تحت مرکز تبلیغ اسلام میں منعقدہ کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عبدالواسع کا کہنا تھا کہ ہمارے سیاستدان کہتے ہیں کہ کشمیر کے معاملے پر پاکستان کو قربان نہیںکیا جا سکتا، لیکن یہ لوگ حکمرانی کے لیے پاکستان ہی نہیں بلکہ اپنے ایمان کو بھی قربان کر سکتے ہیں، پرویز مشرف نے بھی کہا تھا کہ اگر امریکا کا ساتھ نہ دیا تو پتھر کے زمانے میں پہنچ جائیں گے اور ان کی امریکا کا ساتھ دینے کی پالیسی کی وجہ سے آج پاکستان بے حال ہو گیا ہے۔




انہوں نے کہا کہ یوم کشمیر کے موقع پر پیپلز پارٹی کے وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں مسئلہ کشمیر کے حل کا تیسرا آپشن دیتے ہوئے کہا کہ اگر کشمیری پاکستان یا بھارت سے الحاق کے سوا کوئی تیسرا فیصلہ کریں بھی تو کوئی اعتراض نہیں، ان کا یہ آپشن کشمیر پالیسی سے انحراف ہے، حکومت کشمیر کے معاملے پر چاہے کتنی ہی مرتبہ اپنی پالیسی تبدیل کر لے لیکن شہادتوں کا قافلہ رکے گا نہیں اور کشمیری عوام اپنے مقصد کی کامیابی تک جہاد جاری رکھیں گے۔ کشمیر کانفرنس سے حزب المجاہدین شمالی پنجاب کے امیر کمانڈر اصغر علی بھٹی، جماعت اسلامی کے ضلعی امیر شیخ شوکت علی نے بھی خطاب کیا۔
Load Next Story