یونس خان نے بیٹ پر جمی گرد جھاڑ دی ٹور میچ میں 74 رنز

سابق کپتان نے شانداراننگز کھیل کر فارم میں واپسی کا اعلان کردیا، اظہر علی صرف12رنز بنا سکے، دوسرے ٹیسٹ میں شرکت مشکوک


Sports Desk February 12, 2013
عمران اور عرفان کو موقع مل سکتا ہے (ذرائع) ٹیم نے جنوبی افریقہ سے پہلے ٹیسٹ میں شکست کا غصہ ایمرجنگ کیپ کوبراز پر نکال دیا،10 وکٹ سے کامیاب۔ فوٹو : ایکسپریس

ISLAMABAD: پاکستان کرکٹ ٹیم نے جنوبی افریقہ کے ہاتھوں پہلے ٹیسٹ میں شکست کا غصہ نوآموز کیپ کوبراز پر نکال دیا،مہمان سائیڈ نے پہلی اننگز 176 پر ڈیکلیئرڈ کرنے کے بعد حریف کو78 پر ڈھیر کردیا۔

بعد ازاں 59 رنز کا ہدف بغیر کوئی وکٹ گنوائے حاصل کرنے کے بعد پریکٹس جاری رکھتے ہوئے 126 رنز بنائے، آئوٹ ہونے والے واحد بیٹسمین اظہر علی صرف12رنز بنا سکے،یونس خان نے بیٹ پر جمی گرد جھاڑتے ہوئے ناقابل شکست 74رنزکی اننگز کھیل کر فارم میں واپسی کا اعلان کردیا، دوسرے ٹیسٹ کیلیے ناصر جمشید کی فٹنس مشکوک نظر آتی ہے، عمران فرحت کو ٹیم میں جگہ ملنے کا امکان ہے، راحت علی کو ڈراپ کرکے7وکٹیں حاصل کرنے والے محمد عرفان کو موقع دیا جا سکتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پریکٹس میچ کے دوسرے اور آخری روز پاکستان نے اپنی پہلی باری 4 وکٹ پر 127 رنز سے شروع کی۔

44 پر ناقابل شکست مصباح الحق نے ریٹائر ہو کر دیگر بیٹسمینوں کو پریکٹس کا موقع دیا، اسد شفیق گذشتہ روز کے اسکور21 کو45 تک لے جانے میں کامیاب رہے، مڈل آرڈر بیٹسمین 96 گیندوں کا سامناکرتے ہوئے ناٹ آئوٹ رہے، ان کی اننگز میں8 چوکے شامل تھے، دوسرے اینڈ پر سرفراز احمد صرف 3 رنز بنا کر جوہانیز بوتھما کا شکار بنے،تنویر احمد نے جیفتھا کی گیند پر بولڈ ہونے سے قبل 22 رنز بنائے، عبدالرحمان بغیر کوئی رن بنائے ناٹ آئوٹ رہے، پاکستان نے صرف 20 رنز کی برتری حاصل کرکے اننگز 176 پر ڈیکلیئرڈ کر دی جبکہ 4 وکٹیں ابھی باقی تھیں، بوتھا 3' برینڈن ینگ، ماہلومبے اور جیفتھا ایک، ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے، ایمرجنگ کوبراز کی دوسری اننگز میں پاکستانی بولرز نے تباہی پھیلا دی، کلین ریلڈٹ (9) اور شارن گومز (8) کو تنویر احمد نے سرفراز کے ہاتھوں کیچ کرایا۔



14 رنز بنانے والے برکن اسٹاک 52 کے مجموعی اسکور پر احسان عادل کی گیند پر بولڈ ہوئے،کیگان پیٹرسن کی33 رنز پر مشتمل اننگز محمد عرفان نے ایل بی ڈبلیو کے ذریعے ختم کی تو ٹوٹل 64 تھا، اسی اسکور پر ریان کیننگ بغیر کوئی رن بنائے محمد عرفان کی گیند پر سرفراز کو کیچ دے بیٹھے، اگلے ہی اوور میں احسان عادل نے طارق شیکٹی کو بولڈ کر دیا، انہیں بھی کھاتہ کھولنے کی مہلت نہیں ملی، 65 کے مجموعی اسکور پر ہی اینگل بریشٹ واحد رن اسکور کرکے محمد عرفان کا شکار بنے، کیچ احسان عادل نے لیا، جیفتھا بھی دوسرا رن بنانے میں کامیاب نہ ہوئے اور سعید اجمل کے ہاتھوں بولڈ ہو گئے، بوتھما کو صفر پر عبدالرحمان نے آئوٹ کیا، کیچ عمران فرحت نے تھاما، اسپنر نے بعد ازاں برینڈن ینگ کو بھی کھاتہ کھولنے کا چانس دیے بغیر ایل بی ڈبلیو کر دیا۔

آخری7 پلیئرز 26 رنز کا اضافہ کر سکے، محمد عرفان نے 3 شکار کرکے میچ میں مجموعی وکٹوں کی تعداد 7 کر لی، تنویر احمد، احسان عادل، عبدالرحمن نے2،2 جبکہ سعید اجمل نے ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستان نے 59 رنز کے ٹارگٹ کا تعاقب کرنے کیلیے عمران فرحت کے ساتھ یونس خان کو اوپنر بھیجا، دونوں نے ہدف عبور کرنے کے بعد بھی بیٹنگ جاری رکھی، عمران فرحت 34 رنز بنا کر ریٹائر ہوئے تو اظہر علی کو موقع فراہم کیا گیا مگر وہ صرف 12رنز تک محدود رہے، دوسرے اینڈ سے یونس خان فارم میں واپسی کا اعلان کرتے ہوئے 74 پر ناقابل شکست رہے۔

ایمرجنگ ٹیم کیخلاف ٹور کی اولین کامیابی یوں تو زیادہ اہمیت نہیں رکھتی لیکن اگلے ٹیسٹ کیلیے پلیئرز کے اعتماد میں ضرور اضافہ ہوا ہو گا، محمد حفیظ کو بیٹنگ کیلیے نہیں بھیجا گیا،ٹخنہ مڑ جانے کے سبب ناصر جمشید کی فٹنس مشکوک ہے، دونوں اننگز میں اوپنر کے طور پر آزمائے جانے والے عمران فرحت کو موقع مل سکتا ہے، پریکٹس میچ میں ناکام اظہر علی کو ان کے لیے جگہ خالی کرنا پڑے گی، محمد عرفان نے حریف بیٹنگ لائن کے لیے مشکلات کھڑی کرکے خود کو پلیئنگ الیون کا مضبوط امیدوار ثابت کیا، پہلے ٹیسٹ میں غیر متاثر کن کارکردگی راحت علی کی چھٹی کرا سکتے ہے، دوسری طرف تجربہ کار یونس خان کی فارم میں واپسی مینجمنٹ کے لیے اچھی خبر ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں