پاکستان اے کی بمباری سے افغان بیٹنگ لائن تباہ

آفریدی، وہاب ریاض اور ذوالفقار بابرکی 3،3 وکٹیں،عمر اکمل کے ناقابل شکست 47 رنز، خرم منظور نے41 کی اننگز کھیلی۔


Sports Reporter February 12, 2013
پاکستان اے سے میچ کے دوران افغان پلیئر شاہد آفریدی کی گیند پر بولڈ ہوتے ہوئے۔ فوٹو: آن لائن

ورلڈ کپ کوالیفائرز کی تیاریوں میں مصروف افغان کرکٹ ٹیم کی بیٹنگ لائن پاکستان اے کی بمباری سے تباہ ہو گئی۔

مہمان سائیڈ نے دورے میں شکستوں کی ہیٹ ٹرک مکمل کر لی، ریجنل ٹیموں کے بعد اے اسکواڈ نے بھی اسے یکطرفہ مقابلے میں8وکٹ سے زیر کر لیا۔ شاہد آفریدی، وہاب ریاض اور ذوالفقار بابر نے بولنگ جبکہ عمر اکمل اور خرم منظور نے بیٹنگ میں صلاحیتوں کے کھل کر جوہر دکھائے۔قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ڈے اینڈ نائٹ میچ میں میزبان کپتان شاہد آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔



بولرز حریف سائیڈ پر قہر بن کر ٹوٹ پڑے اور38.5 اوورز میں صرف122 رنز پر صفایا کر دیا، محمد شہزاد33 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ محمد جاوید احمدی نے 23 رنز اسکور کیے، وہاب ریاض، شاہد آفریدی اور ذوالفقار بابر نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا،جواب میں پاکستان اے نے عمر اکمل اور خرم منظور کی شاندار بیٹنگ کی بدولت ہدف16.1 اوورز میں2وکٹ پر پورا کر لیا۔

عمر اکمل نے ناقابل شکست 47 اور خرم منظور نے41 رنز بنائے، عزت اللہ دولت زئی اور دولت زردان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی، سیریز کا دوسراون ڈے میچ منگل کو لاہور میں ہی کھیلاجائے گا، پاکستان اے ٹیم مہمان سائیڈکیخلاف واحد ٹی ٹوئنٹی میچ میں بدھ کو میدان سنبھالے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں