شام میں امریکی بمباری 43 شہری جاں بحق

رہائشی علاقوں پر بمباری سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ، مرنے والوں میں7بچے بھی شامل


News Agencies August 07, 2017
فورسز نے2015 سے داعش کے زیرقبضہ آخری قصبے کو آزاد کرا لیا۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

ABBOTABAD: شام میں امریکی طیاروں کی بمباری میں 43 شہری جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

امریکی جنگی طیاروں نے شمالی شہر رقہ کو نشانہ بنایا، رہائشی علاقوں پر بمباری سے 43 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے جبکہ مرنے والوں میں7 بچے بھی شامل ہیں۔

اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ شام میں امریکی اور روسی حملوں میں ہزاروں افراد جاں بحق جبکہ لاکھوں زخمی ہوئے ہیں، دریں اثنا شامی فورسز نے شدت پسند تنظیم داعش کے زیر قبضہ وسطی صوبے حمص کے آخری قصبے کو بھی آزاد کرا لیا ہے، اس طرح اب شامی فورسز ملک کے مشرق میں داعش کے خلاف پیش قدمی کے لیے اپنا راستہ ہموار کرنے میں کامیاب ہو گئی ہیں۔

واضح رہے کہ حمص میں السکنا نامی یہ علاقہ قدیمی شہر پالمیرا سے 70 کلو میٹر شمال مشرق میں واقع ہے اور دیرالزور جانے والی سڑک کے کنارے یہ آخری قصبہ تھا جس پر داعش کا قبضہ تھا، اس علاقے پر داعش نے2015 میں قبضہ کیا تھا جبکہ خبر ایجنسی کے مطابق شامی فورسز نے دیر الزور میں بھی شدت پسندوں کے خلاف پیش قدمی کی ہے۔

فرانسیسی وزیرداخلہ گیراڈ کولمب کا کہنا تھا کہ شام اور عراق میں شدت پسند گروہ داعش کے ساتھ مل کر لڑنے والے271 جہادی فرانس واپس پہنچ چکے ہیں، کولمب نے کہا کہ ان میں 217 بالغ جبکہ 54 نابالغ ہیں، جو فی الحال زیرحراست ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں